محکمۂ موسمیات نے بحیرۂ عرب میں نئے تشکیل پانے والے سمندری طوفان شاہین کے حوالے سے 5 واں الرٹ جاری کر دیا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان شاہین بن گیا، سمندری طوفان کراچی کے جنوب مغرب سے 280 کلو میٹر دور ہے۔
طوفان اورماڑہ سے 230 اور گوادر سے 470 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، سمندری طوفان مغرب اور جنوب مغرب سے ہوتا ہوا اومان کی جانب بڑھ رہا ہے۔
سمندری طوفان مکران کی ساحلی پٹی کے قریب سے گزرے گا، خضدار، گوادر، لسبیلہ، آواران، کیچ میں 3 اکتوبر تک کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور دیگر علاقوں میں کل تک کہیں کہیں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ سمندر میں 3 اکتوبر تک طغیانی کی صورتِ حال رہے گی، اس لیے ماہی گیر 3 اکتوبر تک سمندر میں نہ جائیں۔
محکمۂ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ تیز بارشوں سے لسبیلہ، اورماڑہ، پسنی، گوادر، تربت اور جیوانی میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ تیز ہوائیں کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔