بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بڑے بیٹے آریان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے منشیات کے کیس میں حراست میں لے لیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق آریان کو گزشتہ شب ممبئی کے ساحل سے دور کروز جہاز پر منعقد ہونے والی پارٹی پر چھاپہ مارنے کے بعد این سی بی نے تحویل میں لیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے عہدیدار منشیات کے معاملے میں آریان سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔
تاہم، میڈیا نے این سی بی کے ایک سینئر عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے پر کسی الزام کے تحت مقدمہ درج نہیں کیا گیا اور نہ ہی ابھی تک اسے گرفتار کیا گیا ہے۔
آریان کا سیل فون ضبط کر لیا گیا ہے اور اس کی اسکیننگ کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ منشیات کے قبضے یا استعمال میں اس کے ملوث ہونے کے کوئی اشارے ہیں۔
اسی کیس میں تین لڑکیوں سمیت نو دیگر افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔
دریں اثنا حکام نے کروز پارٹی کے منتظمین کو بھی تحقیقات کے لیے طلب کیا ہے۔