کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر)پاکستان والی بال فیڈریشن نے سائوتھ ایشین گیمز میں قومی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچ لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رواں ہفتے فیڈریشن کے حکام ڈی جی اسپور ٹس بورڈ کر نل ( ر) آصف زمان سے ملاقات کر کے اپنے پلان سے آگاہ کریں گے ۔ ایرانی کوچ رحمان محمد سے ایشین والی بال چیمپئن شپ تک معاہدہ تھا، تاہم جاپان میں ایونٹ کے دورانکھلاڑیوں کی جانب سے ان کےرویہ کی شکایات کے بعد فیڈریشن نے ان سے مزید معاہدہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جنگ کوکھلاڑیوں نے بتایا کہ بعض کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی تلخ کلامی بھی ہوئی،انکی ناقص پلاننگ کی وجہ سےٹیم ٹاپ فور میں جگہ نہیں بناسکی ۔ فیڈریشن نے اب نئے کوچ کے لئے آسٹریلیا، اور جاپان سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں سائوتھ ایشین گیمز 2023 تک معاہدہ کیا جائے گا،بہتر نتائج کی صورت میں معاہدہ میں توسیع کی جائے گی۔ والی بال فیڈریشن اسپورٹس بورڈ اور بین الصوبائی رابطے کی وزارت کو معاہدے کے لئے تعاون کی درخواست کرے گی۔ کوچ کے اخراجات کا کچھ حصہ فیڈریشن برداشت کرے گی۔