چمن(نمائندہ جنگ) طالبان کے زیرانتظام افغان حکومت نے آمدورفت کے سرحدی تنازعہ کےباعث اور پاکستان پر وعدہ خلافی کا الزام لگا کر چمن میں افغانستان کیساتھ اہم سرحدی گزرگاہ کو بند کردیا، پاک افغان بارڈر باب دوستی کے سامنے افغانستان کے حدود میں کرین کی مددسے سیمنٹ کے ہیوی بلاکس رکھ کر سرحد سیل کردی ہے جبکہ پاکستان کے سرحدی حکام کا کہنا ہے کہ احتجاج کے اس روئیے سے انہیں لاعلم رکھا گیا ہے اور سرحد بند کرنے سے متعلق اطلاعات نہیں ملیں،افغان حکام نے معاملے پر آگاہ نہیں کیا ،افغان سرحدی ضلع اسپین بولدک میں طالبان انتظامیہ کےمطابق احکامات گورنر قندھار حاجی یوسف وفا کی جانب سے موصول ہونے کے بعد اس قسم کا غیر معمولی اقدام اٹھایا گیا ہے اس سلسلے میں دونوں ممالک کے مابین سفر کرنےوالے شہریوں اور تاجروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی تکلیف سے بچنے کی خاطر معمول کی سرگرمیاں معطل رکھیں ، طالبان کا کہنا ہے کہ گورنر قندھار نے کئی بار پاکستانی حکام سے مشکلات کے حل کےلئے رابطہ کیا اور یقین دہانیوں کے باوجود وعدہ خلافیو ں کے بعد پاکستان کیساتھ جنوب میں اس اہم گزرگاہ سے ہرقسم کا رابطہ تاحکم ثانی معطل کردیاگیاہے ۔