مسلم لیگ نون کے نائب صدر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ کسی ادارے سے لڑائی نہیں، اب یہ کھیل تماشا بند ہونا چاہیے، تمام تر انتقام کے باوجود آئیں سب جماعتیں بیٹھیں روڈ میپ بنائیں، ہمارے بچوں نے یہیں رہنا ہے۔
ملتان میں نون لیگ کے نائب صدر حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لوگ میری شکل دیکھ کر محبت نہیں کرتے، کام دیکھ کر کرتے ہیں، پرانے پاکستان میں موٹر ویز بنتی تھیں، چیزیں سستی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس آئی تو عمران خان کہہ رہے تھے وزیراعظم استعفیٰ دیں، عمران خان صاحب آج آپ کی کابینہ کے افراد کے نام پنڈورا پیپرز میں آئے ہیں، پنڈورا پیپرز کے معاملے پر صاف شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، جن کے نام پنڈورا پیپرز میں آئےہیں انہیں مستعفی ہونا چاہئے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت کا فرض ہوتا ہے قومی مسئلے پر سب کو ایک ساتھ بٹھائیں، عمران خان 4 سالوں میں اپوزیشن کو ساتھ نہیں بٹھا سکے کیونکہ ان کی انا بڑی ہے، ہم جنوبی پنجاب صوبے کے حق میں ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو ملا کر صوبہ بنائیں گے، ہم بہاولپور صوبے کو بھی سپورٹ کرتے ہیں۔
نون لیگ کے نائب صدر نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کو بھی بلیک میل کر رہے ہیں، خان صاحب اب ون مین شو نہیں چلے گا، آپ جنوبی پنجاب کی احساس محرومیوں کو ختم نہیں کرسکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی عدالت نےکہا شہباز شریف کےخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا ہے، ملک میں شفاف الیکشن ہونے چاہئیں،کسی ادارے سے لڑائی نہیں، لڑائی غربت اور بےروزگاری سے لڑنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے بڑے ثبوت لندن بھجوائے گئے، وزیراعظم ہاؤس سےکہا گیا منی لانڈرنگ ہوئی ہے تحقیقات کریں، اللّٰہ کا شکر ہے شہباز شریف سرخرو ہوئے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ شہباز شریف نے پہلے دن کہا تھا ہم میثاق معیشت پر بات کرتے ہیں تو مذاق اڑایا گیا،اب کہاں گئی وہ 200 ارب لانے کی بات، بنی گالہ کے گھر جائز بن جاتے ہیں اور غریبوں کے گھر بلڈوز کر دیے جاتے ہیں۔
لیگی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان صاحب ہم نے جیلیں اور بدترین انتقام بھگت لیا، ملک میں چینی، کھاد مہنگی ہوگئی ہے یہ کونسا نیا پاکستان ہے، لوگ جھولی اٹھا کر کہتے ہیں، چوتھا سال ہے نیا پاکستان تو نہ بن سکا عمران خان پرانا پاکستان لوٹا دیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں ہمیں علاج نہیں کرانا، اپنے بچوں کا پیٹ پالنا ہے، بجلی کے بل دینے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سن کر مجھے ہنسی آئی جب عمران خان نے کہا کہ ہماری سڑکیں مسلم لیگ نون کی بنائی سڑکوں سے سستی ہیں، عمران خان صاحب آپ نے کونسی سڑک بنائی ہے ذرا دکھا دیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ سیکریٹریٹ سے نہیں آئین سے بنتا ہے، کالا باغ ڈیم نہیں بن سکا،ہمارا دوست چین بھی پریشان ہے،سی پیک کو کیوں آگے نہیں بڑھا رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قرضے لیے جاتے ہیں، لیکن 3 سالوں میں 26 ارب ڈالر قرضہ لیا گیا، پچھلے ادوار کی نسبت اس حکومت نے جتنے قرضے لیے اس کی نظیر نہیں ملتی، نیا پاکستان کا خواب چکنا چور ہوگیا ہے۔
حمزہ نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا خواب دکھایا گیا تھا، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوگئے ہیں،آئیں تمام سیاسی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں،حکومت حکومت کا کھیل ختم ہونا چاہیے،مفاہمت کا مطلب صاف شفاف الیکشن ہوتا ہے جس سے ملک آگے بڑھ سکے۔