ملتان(اسٹاف رپورٹر ) مسلم لیگ ن حمزہ شہبازشریف کی آمد پر ملتان میں بڑا سیاسی شو نہیں کرپائی ،چونگی نمبر 9پر چندکنال کے ایک پلاٹ پراوپن ورکرز کنونشن رکھا گیا ، جس میں ن لیگ کے مقامی عہدے داروں کے دعوئوں کے برعکس کارکنوں کی تعداد مایوس کن رہی،جس کی وجہ مقامی عہدے داروں کی گروپ بندی کو قرار دیا گیا ،سٹیج پر دیگر قائدین کے ساتھ مخدوم جاویدہاشمی بھی موجودتھے ،تاہم مقامی گروپ بندی کا وہ بھی شکار نظرآئے، سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ ساتھ مقامی عہدے داروں کی بڑی تعداد نے بھی خطاب کئے ،مگر جاوید ہاشمی کو نظراند از کیا گیا ، اس صورتحال پر ایک مسلم لیگی کارکن راشد جمال قریشی نے احتجاج کیا اور وہ سٹیج پر آگئے اور انہوں نے قائدین سے استدعا کی کہ جاوید ہاشمی کو خطاب کے لئے بلایا جائے ،جس پر پنڈال میں موجود کارکنوں نے تالیاں بجائیں ،مگر اس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔