اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا ہے کہ نواز شریف کو سازش سے نکالا گیا، ایجنسیاں ملوث تھیں،پنڈورا لیکس پر کہاں ہے جے آئی ٹی ، سپریم کورٹ کا بنچ اور نیب، کہاں ہیں ،عمران خان نے ایمپائر کو ساتھ ملا کر سازش سے ن لیگ حکومت کو گرایا۔ چیئرمین نیب کی توسیع غیرآئینی ہے، پانامہ تحقیقات کیلئے ریٹائرڈ بریگیڈئر سربراہ تھے۔ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ڈرا دھمکا کر سیاسی وابستگیاں تبدیل کرائی گئیں۔ الیکشن 2018ءسے پہلے سزا سنائی گئی۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے مطابق ایک اہم شخصیت نے انہیں ہدایت کی کہ مریم نواز اور نواز شریف کو ضمانت نہیں دینی۔ یہ مقدمہ انہیں کا بنایا ہوا ہے۔ پانامہ بنچ کے ججز ہمارے خلاف درخواست گزار بنے۔ چیئرمین نیب ریفرنس دائر کرنے سے پہلے مشاورت کرتا ہے ، ہمارے کیس میں ایسا بالکل بھی نہیں ہوا کیونکہ آرڈر اوپر سے تھا۔ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی گئی،کسی ادارے کے وقار پر حملہ نہیں کیا ۔ ثاقب نثار سے دبائو میں فیصلے لئے گئے،اس نے نواز شریف سے ذاتی لڑائی کی،مریم نوازنے کہاکہ پنڈورہ بکس کے بعد جے آئی ٹی کہاں ہے؟ قوم آج اس درخواست گزار کو دیکھ رہی ہے ، قوم جسٹس کھوسہ جیسے ججز کو دیکھ رہی ہے؟ مجھ سے ریٹائر بریگیڈئر نے سخت سوالات کئے۔ آج پانامہ بنچ اور نیب کہاں ہے؟ ہم نے سینکڑوں پیشیاں بھگتیں، مریم نواز نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت غیر ملکی تحائف کی تفصیلات دینے سے انکاری ہے ، عمران خان نے ایمپائر کو ساتھ ملا کر حکومت کو گرایا ۔