• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب آرڈیننس میں ترمیم، حکومتی اقدامات روکیں گے، شہباز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ، این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس میں ترمیم جمہوریت کا گلا گھونٹ کر شخصی حکمرانی قائم کرنےکی طرف قدم ہے، حکومت اقدامات کو روکیں گے، 225 ارب کے مزید ٹیکس ملک میں معاشی تباہی، بیروزگاری اور مہنگائی کا قیامت خیز زلزلہ ثابت ہونگے،کپاس ساڑھے 15ہزار فی 40 کلو کی بلند ترین سطح پر ہے، برآمد کنندگان اور ملوںوالے پہلے ہی پریشان بیٹھے ہیں ،پالیسی ریٹ بڑھا کر حکومت پہلے ہی اپنے بجٹ پر یوٹرن لے چکی ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مہنگائی کا سورج غریبوں کا حلق خشک کر چکا ہے، ریلیف کے بجائے عوام کو ہر روز ایک نئی تکلیف میں مبتلا کیا جا رہا ہے ،آئی ایم ایف کی عاقبت نااندیشانہ شرائط ماننے والے حکمران قوم کو خودکشی پر مجبور کر رہے ہیں، آرڈیننس کے ذریعے بڑی قانونی ترامیم پارلیمنٹ پر عدم اعتماد اور غیر آئینی و غیر جمہوری رویہ ہے ،یہ پارلیمنٹ ہی نہیں عدلیہ پر بھی حملہ ہے، حکومت نے خود کو بچا کر اداروں کی آئینی آزادی چھیننے کا قدم اٹھایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے پہلے سے متنازعہ قانون میں آرڈیننس کے ذریعے 18 بڑی ترامیم حکومت کا جوابدہی سے فرار ہے ،سیاہ آرڈیننس ملک میں رہی سہی جمہوریت کا گلا گھونٹ کر شخصی حکمرانی قائم کرنے کی طرف قدم ہے ،متحدہ اپوزیشن آئین میں اداروں کے متعین اختیارات حکومت کو چھننے نہیں دے گی، تمام ا سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے حکومتی اقدامات روکیں گے۔

تازہ ترین