وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان عظیم انسان اور محبِ وطن پاکستانی تھے۔
یہ بات وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال کے حوالے سے جاری کیئے گئے تعزیتی بیان میں کہی ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے افسوس و رنج کا اظہار بھی کیا ہے۔
وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ معروف ایٹمی سائنسدان اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے خالق ڈاکٹر عبدالقدیر خان آج صبح خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ عرصہ پہلے کورونا میں مبتلا ہوئے تھے، انہیں آج صبح طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ڈاکٹر عبدالقدیر کی نمازِ جنازہ آج دوپہر ساڑھے 3 بجے فیصل مسجد میں ادا کی جائے گی۔
نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد محسنِ پاکستان کی تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ فیصل مسجد کے احاطے میں کی جائے گی۔
پاکستان کےایٹمی پروگرام میں محسن پاکستان اور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے مرکزی کردار ادا کیا۔
مرحوم ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پسماندگان میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔