رحیم یارخان،لاہور(ایجنسیاں،خصوصی رپورٹر)سندھ پنجاب کے سرحدی علاقے صادق آباد کے نواحی شہر چوک ماہی میں مخبری کے شبہ پر جرائم پیشہ انڈھڑ گینگ کے 3موٹر سائیکل سوارڈاکوئوں نے دن دیہاڑے 2 پیٹرول پمپوں پر حملہ کرکے ایک ہی خاندان کے 8افراد منور انڈھڑ ،غلام نبی، فاروق شریف ،نذیر سمیت 9 افراد کو اندھا دھندھ فائرنگ کر کے قتل کردیا اور فرار ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی بھی ہوا، ورثا کا لاشیں گڈو کشمور روڈ پر رکھ کر احتجاج ،ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے ٹائر جلائے اور نعرے بازی کی،وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور آئی جی پنجاب نے قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی اوبہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی،ملزمان کی جلد گرفتاری کا حکم بھی دیا اور زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں،آئی جی پنجاب کی ہدایت پر پولیس ٹیمیں کچے کے علاقے میں داخل ہوکر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے ماررہی ہیں،ڈی پی او رحیم یار خان اسد سرفراز کے مطابق مقتولین کی جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ پرانی دشمنی تھی جس کی وجہ سے یہ واقع ہوا ، پولیس ڈاکوں کے تعاقب میں روانہ ہو گئی ،3سال قبل پولیس نے انڈھڑ گینگ کے 6افراد کو ہلاک کیا تھا ،ڈاکوئوں نے بدلے میں پولیس اہلکار کوبھی شہید کیا تھا جبکہ مقتولین پر انڈھڑ گینگ کی مخبری کا الزام تھا جس کا ڈاکوئوں نے بدلہ لیا ۔