پاکستان کے کامیڈین کنگ عُمر شریف کی اہلیہ زرین غزل مرحوم شوہر کو یاد کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔
زرین غزل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر عُمر شریف اور اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے جس میں کامیڈین کنگ اپنی اہلیہ کو کیک کِھلاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں یہ جوڑی بےحد خوش نظر آرہی ہے جبکہ اُن کے ساتھ اُن کی بیٹی بھی موجود ہیں۔
زرین غزل نے اپنی پوسٹ کو ایک جذباتی کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’میرے عُمر، میرے بادشاہ چلے گئے۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم بہت خوش تھے اور پھر ہمیں کسی کی بُری نظر لگ گئی۔‘
واضح رہے کہ شدید علالت کے بعد گزشتہ دنوں لیجنڈ کامیڈین عمر شریف جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔
لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔
خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974ء میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980ء میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔
عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔
انہوں نے تقریباََ 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔