پاکستان کے کامیڈین کنگ اور لیجنڈری اداکار عُمر شریف کی اہلیہ زرین غزل نے شوہر کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر پہلی پوسٹ شیئر کردی۔
زرین غزل نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عُمر شریف کی یادگار تصویر شیئر کی جس میں وہ ہمیشہ کی طرح مُسکرا رہے ہیں۔
اُنہوں نے اپنے مرحوم شوہر کے نام خصوصی شعر لکھا کہ ’جو دِلوں کو فتح کرلے وہی فتح زمانہ ہے۔‘
زرین غزل نے صارفین سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ’جمعہ مبارک کی دُعاؤں میں اپنے عُمر شریف کو ضرور یاد رکھیے گا۔‘
اُنہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ، عُمر شریف کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، آمین۔‘
زرین غزل نے اپنی پوسٹ میں عُمر شریف کی تاریخ پیدائش اور تاریخ وفات بھی درج کی۔
واضح رہے کہ شدید علالت کے بعد گزشتہ دنوں لیجنڈ کامیڈین عمر شریف جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔
لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کافی عرصے سے عارضہ قلب، گردے اور دیگر مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔
خیال رہے کہ عمر شریف نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974ء میں 14سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا تھا اور 1980ء میں پہلی مرتبہ آڈیو کیسٹ پر اپنے ڈرامے ریلیز کیے تھے۔
عمر شریف ٹی وی، اسٹیج اداکار، فلم ڈائریکٹر کے طور پر جانے جاتے ہیں، انہوں نے اسٹیج و تھیٹر ناصرف ملک میں بلکہ سرحد پار بھی بہت مقبولیت حاصل کی۔
انہوں نے تقریباََ 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔