• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وینزویلا آپریشن: امریکی فوجی پر خفیہ معلومات پر شرط لگا کر لاکھوں کمانے کا الزام

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکا میں ایک حاضر سروس فوجی اہلکار پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سے متعلق خفیہ معلومات استعمال کر کے آن لائن پیشگوئی پلیٹ فارم (بیٹنگ ایپ) پر شرط لگائی اور تقریباً 4 لاکھ ڈالرز کمائے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق استغاثہ کا کہنا ہے کہ 38 سالہ گینن کین وان ڈائک نے 13 بار مختلف شرطیں لگائیں جن میں امریکا کے وینزویلا پر حملے اور مادورو کی معزولی سے متعلق پیشگوئیاں بھی شامل تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس نے فوجی آپریشن کی خفیہ معلومات سے فائدہ اٹھایا جو عوامی اعتماد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ملزم پر قانون کی خلاف ورزی کرنے کے تحت 3 مقدمات، دھوکا دہی اور غیر قانونی مالی لین دین کا ایک ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، ان جرائم پر مجموعی طور پر 10 سے 20 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

تحقیقات کے مطابق امریکی حاضر سروس فوجی نے دسمبر 2025ء کے آخر میں خفیہ طور پر بیٹنگ ایپلیکیشن پر اکاؤنٹ بنایا اور جنوری 2026ء کے آغاز تک بڑی رقم کی شرطیں لگاتا رہا، 3 جنوری کو وینزویلا میں امریکی کارروائی میں مادورو کو گرفتار کر لیا گیا جس کے بعد اس کی شرطیں کامیاب ہوئیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ ملزم پر الزام ہے کہ رقم حاصل کرنے کے بعد اس نے پیسہ بیرونِ ملک کرپٹو اکاؤنٹ میں منتقل کیا اور اپنا اکاؤنٹ بند کروانے کی کوشش کی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید