پوپ لیو نے مہاجرین اور پناہ گزینوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں اِنہیں اکثر پالتو جانوروں سے بھی بدتر سمجھا جاتا ہے۔
پوپ لیو نے افریقا کے 4 ملکی دورے کے بعد روم واپسی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین بھی انسان ہیں اور ان کے ساتھ انسانی ہمدردی کے مطابق برتاؤ ہونا چاہیے۔
اُنہوں نے امیر ممالک پر زور دیا کہ وہ غریب ممالک کی ترقی، فلاح و بہبود پر کام کریں تاکہ لوگ ہجرت پر مجبور نہ ہوں۔
پوپ لیو نے کسی خاص ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ ریاستوں کو اپنی سرحدوں کے تحفظ کا حق ہے لیکن اصل مسئلہ ان حالات کو بہتر بنانا ہے جہاں سے لوگ نقل مکانی کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں اُنہوں نے کہا کہ ہر قسم کی ناانصافی اور انسانی جانوں کے ضیاع کے خلاف آواز اٹھاتا رہوں گا۔
پوپ لیو نے یہ بھی کہا کہ جنگ کے خلاف، امن، مکالمہ اور عالمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔