اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے لیے 2 ارب کے سنگل لائن بجٹ کی منظوری دیدی۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کیلئے 2 ارب کے سنگل لائن بجٹ کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے آئی ٹی ایکسپورٹس کی حوصلہ افزائی کےلئے 4 ارب روپے کے فنڈ کی بھی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق بینکنگ چینلز کے ذریعے آئی ٹی خدمات برآمد کرنے والے کو کیش مراعات ملیں گی۔
ای سی سی اجلاس میں کھاد کی مقامی پیداوار بڑھانے اور قیمتوں میں استحکام کے لئے کارخانوں کو گیس فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔
ای سی سی اعلامیے کے مطابق ٹیکسٹائل اینڈ اپیرل پالیسی 25-2020 پر ذیلی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو مزید مشاورت کے بعد چند ہفتوں میں پالیسی دوبارہ پیش کرے گی۔