لاہور(خصوصی رپورٹر) اوکاڑہ تا خنجراب پاس پیدل سفر کرنے والے اوکاڑہ یونیورسٹی کے طالب علم عثمان ارشد کی حوصلہ افزائی کےلیے شعبہ ابلاغیات کی جانب سےتقریب پزیرائی کا اہتمام کیا گیا جس میں شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر زاہد بلال، لیکچرار، ڈاکٹر صوبیہ عابد اور احمد رضا سمیت دیگر شعبہ جات کے اساتذہ نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر طلباء اور اساتذہ نے عثمان کے اعزاز میں تعریفی کلمات کہے اور ان کو پھولوں کا تحفہ اور اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر نے عثمان کی حوصلہ افزائی کےلیے انعام کا اعلان بھی کیا۔عثمان ارشد نے اپنی سفر کی داستان اور اس کا مقصد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے یہ سفر محض اس لیے شروع کیا تھا کہ وہ یہ ثابت کرنا چاہتے تھے کہ پاکستان ہر ایک کےلیے ایک محفوظ اور پر امن ملک ہے۔