• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری رفیق کی برسی پر لوٹن میں تعزیتی اجتماع، والدین کیلئے ایصال ثواب مستحسن عمل ہے، حافظ اعجاز احمد

لوٹن (نمائندہ جنگ) لوٹن کی بزرگ سماجی شخصیت حاجی چوہدری محمد رفیق مرحوم کی پہلی برسی کی مناسبت سے لوٹن سنٹرل ماسک میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، اس موقع پر ان کے ایصال ثواب کیلئے ختم شریف کا اہتمام کیا گیا۔ مرحوم کے عزیز واقارب کی طرف سے کثیر تعداد میں قرآن پاک اور مختلف ذکر اذکار پڑھ کر بخشے گئے، اس موقع پر خطیب مرکزی جامع مسجد غوثیہ لوٹن علامہ حافظ اعجاز احمد نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والدین کو ایصال ثواب کرنا مستحسن عمل ہے اور وہ اولاد لائق تحسین ہے۔ قرآن کریم میں والدین کے حقوق کی اہمیت کو اللہ تعالیٰ نے خصوصی طور پر اجاگر کرتے ہوئے اپنی عبادت کے ساتھ والدین کے حقوق کا ذکر کیا۔ اولاد کا والدین جب زندہ ہوں اور غریب ہوں تو خرچ کرنا واجب ہے اور اگر والدین کو مالی حاجت نہیں تب بھی اولاد کا ان پر خرچ کرنا مستحسن عمل ہے، والدین کے ساتھ احسن سلوک کیا جائے ان کی فوتگی کے بعد نیک اولاد ہمیشہ ان کے لیے ایصال ثواب کرے اور اللہ سے بخشش طلب کرے، اس موقع پر علامہ حافظ اعجاز احمد نے حاجی چوہدری محمد رفیق مرحوم کے بلندی درجات کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔اس موقع پر انہوں نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار سکندر حیات خان کے لیے بھی دعا کی،حاجی چوہدری محمد رفیق مرحوم کے صاحبزادے لوٹن کی ممتاز شخصیت چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی نے اپنے والد کے حالات زندگی کا اختصار سے جائزہ پیش کیا اور ان کی دینی خدمات، مساجد، مدارس سے ان کے لگاؤ اور بچوں سے الفت اور محبت کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے والد 1957 میں برطانیہ آئے تھے۔ انہوں نے اپنا نصف وقت ہیلی فیکس اور باقی آدھا وقت لوٹن میں گزارا، وہ روڈس اسٹریٹ مسجد ہیلی فیکس کے بانی رکن تھے اور لوٹن میں وہ یہاں کی اس مرکزی جامع مسجد میں بھی اس کی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے، اولیاء اللہ سے خاص محبت رکھتے تھے۔ انہوں نے اپنے پیچھے 4 بیٹے ، ایک بیٹی اور پوتے پوتیاں نواسے نواسیاں اور وسیع حلقہ احباب چھوڑا، انہوں نے لوٹن کمیونٹی رہنماؤں حاجی منیر، راجہ جاوید ،حاجی محبوب ، گلزار ، چوہدری خالد، حاجی خادم ، حاجی ایوب ، حاجی گلزار اور بہت سے دیگر احباب سے تشکر کا اظہار کیا جو ان کے والد مرحوم کے ساتھ شفقت سے پیش آیا کرتے تھے، یہ احباب ان کے والد کے ساتھ بہت مہربان اور دیکھ بھال کرنے والے تھے۔انہوں نے تمام حاضرین کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔حافظ محمد عمر نے انگریزی میں خطاب کیا جبکہ خلیفہ محمد حنیف نقشبندی کے صاحبزادگان نے درود وسلام کے نذرانے پیش کیے اور اللہ ہو کا ذکر بھی کرایا، حافظ محمد فاضل نے ختم شریف پڑھا، پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، نعت رسول مقبول صلعم بھی پیش کی گئی ۔ شرکاء میں ہیلی فیکس سے مرحوم کے چچازاد بھائی حاجی چوہدری جاوید تھوتھالوی ، بریڈفور اور برمنگھم سے قریبی عزیز واقارب دعا میں شرکت کے لئے تشریف لائے تھے جبکہ کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن کے کوآر ڈی نیٹر اور چئیرمین لوٹن اسلامک کلچرل سوسائٹی لوٹن سنٹرل ماسک حاجی چوہدری محمد قربان، صدر حاجی چوہدری محمد شفاعت پوٹھی، نائب صدر چوہدری محمد نثار، ماسٹر محمد رفیق، شبیر مغل، چوہدری صابر کسگموی، کونسل افسر سلطان خان، چوہدری خالد، حاجی عیدی امین، حاجی چوہدری رحمت علی تھوتھالوی، انجینئر طلعت محمود، چوہدری غلام رسول، چوہدری یعقوب، چوہدری محمد اقبال سمیت کمیونٹی کی بڑی تعداد شرکاء میں شامل تھی۔ مرحوم کے صاحبزادگان چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی، ممتاز اکیڈمک جمیل احمد، خلیل احمد اور عقیل احمد کی جانب سے تمام شرکاء کے لیے کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ دریں اثناء چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی، جمیل احمد، خلیل احمد اور عقیل احمد نے علامہ حافظ اعجاز احمد کو پروگرام کی نظامت کرنے پر ان سے تشکر کا اظہار کیا ۔

تازہ ترین