• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وطن کا دفاع اور مشکل حالات کا مقابلہ خندہ پیشانی سے کیا‘ بی این پی

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام پارٹی کے سرکردہ رہنماء شہید نور استمان میر نور الدین خان مینگل کی گیارہویں برسی اور پارٹی کے بانی رہنماء میر شفیع محمد عرف ادا بابے لہڑی کی ساتویں برسی کا مشترکہ تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔مہمان خاص بی این پی کے مرکزی انسانی حقوق کے سیکرٹری موسیٰ بلوچ، اعزازی مہمان بی ایس او کے مرکزی چیئرمین جہانگیر منظور بلوچ تھے۔ اجلاس کی کارروائی کامریڈ یونس بلوچ نے سرانجام دی۔ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی انسانی حقوق کے سیکرٹری موسیٰ بلوچ،بی ایس او کے مرکزی چیئر مین جہانگیرمنظور بلوچ،بی این پی کی مرکزی کمیٹی کے رکن وضلعی آرگنائزر غلام نبی مری ،رکن اسمبلی احمد نواز بلوچ،حاجی ولی محمد لہڑی اورذاگرین مینگل نے شہید میر نور الدین مینگل اور ادا بابے لہڑی کی بلوچ قوم اور بلوچستانی عوام کے قومی حقوق کی خاطر سیاسی وجمہوری جدوجہد اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کا وہ سرکردہ قیمتی اثاثہ تھے جنہوں نے پوری زندگی بلوچ قوم کے ننگ وناموس ،بقاء،شناخت وجود ،سلامتی،تہذیب وتمدن ،حقیقی حق حکمرانی،واک واختیار اور بلوچستان میں رونماہونے والی نا انصافیوں اور زیادتیوں کے خلاف جدوجہد کی ۔کسی قربانی سے دریغ کیا اور نہ اصولوں پر سودا بازی کی ،اپنی زندگی کا طویل عرصہ بلوچ قوم اور بلوچستانی عوام کی خدمت، قومی سیاست اور قومی شعوری فکری جدوجہد کی طرف بلوچ عوام کو راغب کرنے اتحاد واتفاق، یکجہتی ،امن وآشتی،بھائی چارگی میں گزاری۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی حقیقی معنوں میں شہداء اور ان سیاسی کارکنوں کی جماعت ہے جنہوں نے بلوچستان سرزمین کے ایک ایک انچ کے دفاع کی خاطر آمریت اور نام نہاد جمہوری دور حکومتوں میں اپنے عوام کی صفوں میں رہ کر مشکل حالات اور واقعات کا نہایت ہی ثابت قدمی، مستقل مزاجی اور خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا ۔بی این پی کی جدوجہد کامقصد بلوچ عوام کو اپنے واک اختیار اور حقیقی حق حکمرانی دلانے کیلئے جدوجہد میں مصروف عمل ہے ۔پارٹی سردار اختر مینگل کی قیادت میںتمام نا انصافیوں کا بھر پور انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تازہ ترین