• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجوڑ‘ سڑکوں کے ٹھیکوں میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ

پشاور (لیڈی رپورٹر)قبائلی ضلع باجوڑ کے گورنمنٹ کنٹریکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ ہائی وے ڈویژن محکمہ سی اینڈ ڈبلیو باجوڑ کے زیراہتمام گیارہ سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکوں میں سنگین بے قاعدگیوں اور بدعنوانی سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان پہنچانے والی کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ان خیالات کا اظہار باجوڑ کے ممتاز گورنمنٹ کنٹریکٹر ظاہرجان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عمران اللہ خان، وزیرعلی، نوررحمان، امان اللہ اور دیگر سرکردہ کنٹریکٹرز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ظاہرجان نے کہا کہ کمیونی کیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کے ہائی وے ڈویژن نے رواں سال 13 اور 14 جولائی کو باجوڑ میں گیارہ سڑکوں کی تعمیر کے ٹینڈر کئے تھے جن میں متعدد کنسٹرکشن فرموں نے تمام مطلوبہ ضروری تقاضے پورے کرتے ہوئے آن لائن ٹینڈر کے ذریعے سنگل سٹیج ڈبل لفافہ کے ساتھ اپنی بولیاں ایکسیئن ہائی وے ڈویژن باجوڑ کے پاس جمع کرائی تھیں تاہم کچھ عرصہ بعد ہمیں معلوم ہوا کہ کوئی معقول وجہ بتائے بغیر ہماری فرموں کو ڈس کوالیفائی کردیا گیا ہے حالانکہ ہماری فرمیں اچھی ساکھ اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور ہائی ویز اتھارٹی کے ساتھ بہترین تعمیراتی تجربہ کی حامل تھیں۔اپنی فرموں کی ڈس کوالیفیکیشن کا علم ہونے پر ہم محکمانہ اپیلیں دائر کردیں لیکن ہماری داد رسی نہ ہوئی اور ہمیں اطلاع دیئے بغیر یکم اکتوبر کو ٹینڈرز بھی کھولے گئے اور اس تمام معاملات کا افسوسناک پہلو یہ ہے کہ ہماری کم مالیت کی بولیوں کو نظرانداز کرکے زیادہ بولیاں دینے والی فرموں کو ٹینڈرز کا اجراء عمل میں لایا گیا جن کا تعلق علاقہ کی بااثر سیاسی شخصیات سے بتایا جاتا ہےباجوڑ کے گورنمنٹ کنٹریکٹرز نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید یوسفزئی، ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کرکے اس میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائ کی جائے۔
تازہ ترین