لاہور(نمائندہ جنگ )پاکستان میں امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف اور مرکزی نائب صدر مریم نواز سے الگ الگ ملاقات کی جس میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، پاکستان امریکہ تعلقات ، عالمی وعلاقائی امن وسلامتی، افغانستان کی صورتحال، خواتین اور بچوں کے حقوق، تعلیم وصحت اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
شہباز شریف سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال، علاقائی صورتحال اور خطے میں امن، خصوصی طور پر افغانستان کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
امریکی ناظم الامور نے شہباز شریف کی پنجاب میں بطور وزیر اعلی خدمات کو سراہا۔ ملاقات میں میاں نواز شریف کی قیادت میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، دہشت گردی کے خلاف جنگ اور مسلم لیگ ن کے دور میں معاشی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔
جاتی امرا میں مریم نواز سے ہونیوالی ملاقات میں مریم نوازنے محمد نوازشریف اور پارٹی کی جانب سے نومنتخب صدر جوبائیڈن اور ان کی حکومت کو مبارکباد اورپاکستان کے عوام کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام بھی دیا۔
امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر کی جاتی امراء آمد پر مریم نواز نے دیگر پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ استقبال کیا۔ لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے قونصل جنرل ولیم میکانول اور پولیٹیکل آفیسر خدیجہ کورے بھی امریکی ناظم الامور کے ہمراہ تھیں۔