• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز نے پریس کانفرنس میں کسی خاتون کا نام نہیں لیا، طارق فضل


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سب کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیا، وزیراعظم نے بتایا کہ میں سمجھتا تھا پروسیجر صحیح طرح فالو نہیں کیا گیا اسے مکمل فالو ہونا چاہئے۔

شیخ رشید ہمارے اتحادی ہیں ان کی باتوں کی ملکیت نہیں لیتا وہ اپنی باتوں کے خود جوابدہ ہیں،مریم نواز نے ایک باپردہ خاتون سے متعلق جو باتیں کیں اس پر انہیں معذرت کرنی چاہئے۔ 

وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور سینئر تجزیہ کار فہد حسین بھی شریک تھے۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مریم نواز نے پریس کانفرنس میں کسی خاتون کا نام نہیں لیا، یہ عام تاثر ہے کہ کئی فیصلے جادو ٹونے کی وجہ سے ہوتے ہیں، ایک اہم ترین تقرری کا معاملہ حساس ہے۔

اس پر ٹاک شوز میں گفتگو کے متحمل نہیں ہوسکتے، یہ معاملہ اس وقت ختم ہوگا جب تقرریاں ہوجائیں گی۔فہد حسین نے کہا کہ اہم قومی معاملہ پر اگر کوئی اختلاف تھا تو اسے خاموشی سے آپس میں بیٹھ کر حل کیا جاسکتا تھا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان نے کہا کہ مریم نواز نے ایک باپردہ خاتون سے متعلق جو باتیں کیں اس پر انہیں معذرت کرنی چاہئے، وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سب کو موجودہ صورتحال پر اعتماد میں لیا، وزیراعظم نے بتایا کہ میں سمجھتا تھا پروسیجر صحیح طرح فالو نہیں کیا گیا اسے مکمل فالو ہونا چاہئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اختلاف ہوتا ہے، ہم جمہوریت میں ہر وقت یہ راگ الاپتے رہتے ہیں کہ اختلاف رائے ہونا ضروری ہے،علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑا ہوا ہے۔

تازہ ترین