• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ: کورونا پابندیاں مزید نرم، بازار ہفتہ بھر کھلیں گے


کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے باعث دکانوں کے شٹر اب ایک روز بھی نہیں گریں گے، ہفتہ بھر بازار کھل سکیں گے، کورونا ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے سینما ہال جا سکیں گے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے قائم کیئے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی سفارش پر حکومتِ سندھ نے بندشیں ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے بیماری کے کم پھیلاؤ اور ویکسی نیشن مہم کے تناظر میں یہ نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فیصلے کے مطابق صوبے بھر میں موجود مزارات پر بھی کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے والوں کو جانے کی اجازت ہو گی، تاہم ماسک کا استعمال لازمی ہو گا۔

سندھ میں شادی کی اِن ڈور تقریبات میں 300 مہمانوں کو جبکہ آؤٹ ڈور تقریب میں 500 افراد کو شرکت کی اجازت دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں ریسٹورنٹس اور بازاروں کے اوقات کار برقرار رہیں گے، سینما ہال رات 1 بجے تک کھولے جا سکیں گے، جہاں صرف ویکسینیٹڈ افراد جا سکیں گے۔

محکمۂ داخلہ سندھ کا اپنے نوٹیفکیشن میں کہنا ہے کہ بند مقامات پر 300 اور کھلے مقامات پر 1000 افراد کا اجتماع منعقد کیا جا سکے گا، تاہم اجتماعات میں ویکسینیٹڈ افراد ہی شرکت کر سکیں گے۔

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سندھ بھر میں اب امیوزمنٹ پارکس اور سوئمنگ پولز کھولے جا سکتے ہیں۔

محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیا گیا یہ نوٹیفکیشن 31 اکتوبر تک نافذ العمل رہے گا۔

قومی خبریں سے مزید