ترجمان بلاول ہاؤس نے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آج کے جلسے سے خطاب کے دوران اہم اعلانات کریں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ربیع الاول کی مناسبت سے جلسہ 18 اکتوبر کے بجائے 17 اکتوبر کو منعقد کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی ملک اور جمہوریت کے لیے قربانی دینے والے تمام شہداء کی وارث ہے، جیالے ملک میں کٹھ پتلی تماشے کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔
انتظامیہ کے مطابق باغ جناح میں پیپلز پارٹی کے جلسے کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں، جلسہ گاہ میں تقریبا 50 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں اور مزار قائد کے سامنے کا گیٹ جلسے کے شرکاء کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وی آئی پی اور میڈیا کے لیے لائنز ایریا والا گیٹ مختص ہے جبکہ جلسے میں سیکیورٹی کیلئے 4100 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔