کراچی کے باغ جناح میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے میں شرکت کے لئے شہر کے مختلف علاقوں اور دیگر شہروں سے آنے والے کارکنوں کے لئے 4 مختلف مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، شرکاء کی رہنمائی کے لئے ٹریفک پولیس کے ساتھ پی پی پی کے رضاکار بھی سرگرم ہونگے۔
ٹریفک پولیس نے باغ جناح میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسے کے لئے پلان مرتب کردیا ہے جس کے مطابق ضلع غربی سے آنے والے کارکنان کے قافلے نمائش چورنگی پر واقع تائی کراٹے گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرینگے جس کے لئے گولیمار سے پولیس ہیڈ کوارٹر وہاں سے ایم اے جناح روڈ پر کیپری سنیما سے نمائش کا راستہ اختیار کرینگے۔
ضلع جنوبی کے قافلے ایم اے جناح روڈ یعنی کہ بندر روڈ سے سیدھا تائی کراٹے گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرینگے جبکہ ضلع شرقی، کورنگی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور تھر پارکر سے آنے والے کارکنوں کے قافلے کشمیر روڈ پر واقع چائنہ گراؤنڈ میں گاڑیاں پارک کرینگے۔
ضلع ملیر سے آنے والے قافلے براستہ یونیورسٹی روڈ اور پیپلز سیکریٹیریٹ سے نیو پریڈی اسٹریٹ پر پارکنگ کرینگے جبکہ ضلع وسطی کے قافلے جگر مراد آبادی روڈ پر گاڑیاں پارک کرینگے جو کہ گرومندر سے مزار قائد کے وی آئی پی گیٹ روڈ سے ہوکر پارکنگ پہنچیں گے۔
اسی طرح سپر ہائی وے سے شہر میں داخل ہونے والے کارکنوں کے قافلے جگر مراد آبادی روڈ پر گاڑیاں پارک کرینگے جس کے لئے لیاری ایکسپریس وے سے حسن اسکوائر اور پھر پرانی سبزی منڈی کا راستہ اختیار کرکے پارکنگ تک پہنچا جاسکتا ہے۔