• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PDM مہنگائی کیخلاف تحریک چلائے گی، شہباز شریف کا فضل الرحمٰن سے رابطہ،سربراہی اجلاس آج طلب، نواز شریف آن لائن شریک ہوں گے

شہباز شریف کا فضل الرحمٰن سے رابطہ


اسلام آباد، لاہور، حویلیاں (نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے مہنگائی کیخلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا ہے کہ دیگر جماعتوں کیساتھ ملا کر قوم کو بیروزگاری، معاشی تباہی سے نجات دلانے کیلئے سڑکوں پر آنا ہوگا۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن)کے صدر ، قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس آج طلب کرلیاجس میں نواز شریف آن لائن شریک ہونگے۔

دوسری جانب حویلیاں میں مسلم لیگ (ن) سوشل میڈیا کنونشن سے مرکزی نائب صدر مریم نوازشریف نے بذریعہ وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران اداروں پر وار کرنا چاہتے ہیں،مہنگائی کی وجہ سے عوام خود کشی پر مجبورہو گئے،اب ہم فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکے ہیں۔

ادھر پاکستان بار کونسل نے بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو فوری ریلیف نہ دیا تو ملک بھر میں مظاہرے کرینگے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے بارہ ربیع الاول کے بعد دو ہفتے کیلئے حکومتی ناقص پالیسیوں، مہنگائی بیروزگاری معاشی بدحالی کیخلاف مظاہروں کا اعلان کردیا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملکی قرضے 25ہزار ارب سے بڑھ کر45ہزار ارب ہوچکے معاشی شرح نمو پانچ اعشاریہ آٹھ فیصد تھا جو اب منفی میں جا رہا ہے۔

حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کی چراہ گاہ بنا دیا ہے، عام آدمی کی چیخ و پکار آسمان کو پہنچ رہی ہے، آئے روز مہنگائی بم گرائے جارہے ہیںعام آدمی خودکشیوں پر مجبور ہوگی ۔ وہ پی ڈی ایم کے مشاورتی اجلاس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ 

اس موقع پر سابق وزیراعظم مسلم لیگ ( ن ) کے مرکزی رہنما شاھد خاقان عباسی، محمود خان اچکزئی،شاہ اویس احمد نورانی، ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ اور دیگر بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ 

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کیساتھ مشاور ت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ بارہ ربیع الاول کے بعد دو ہفتے کیلئے حکومت کی ناقص پالیسیوں مہنگائی بیروزگاری معاشی بدحالی کیخلاف مظاہروں کئے جائینگے۔

ضلعی اور صوبائی تنظیموں کو متحرک کیا جائے گا اور عوام کو ان مظاہروں میں بھرپور شرکت کی دعوت دی جاتی ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل سربراہان کے مشورے سے بیان جاری کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین