• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زائد اسٹوریج کیلئے بلٹ اِن یونٹ کی تعمیر

اس بات سے قطع نظر کہ مکان چھوٹا ہے یا بڑا، ایک عرصہ سے دورانِ تعمیر بلٹ اِن وارڈروب (دیوار میں نصب الماریاں) بنانے کا رجحان کافی مقبول ہے۔ دیوار میں بنائی جانے والی یہ الماریاں زیادہ سے زیادہ اشیامحفوظ کرنے اور گھر کے مختلف حصو ں کو کشادہ دکھانے کے لیے بنوائی جاتی ہیں۔ عام لکڑی یا لوہے کی الماریوں کی نسبت بلٹ اِن وارڈروب حجم میں بڑی ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے ان میں تین گنا زیادہ سامان رکھنے کی گنجائش ہوتی ہے۔ 

بلٹ اِن وارڈروب کی طرح اب بلٹ اِن یونٹ بنانے کے رجحان میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ اسے گھر کے مختلف حصوں میں زیادہ سے زیادہ اشیا ذخیرہ کر نے کا سب سے آسان حل سمجھا جاتا ہے۔ بلٹ اِن یونٹ کی اسی افادیت کے پیشِ نظر آج کے مضمون میں بیڈروم، لیونگ روم، اسٹڈی روم، ڈرائنگ روم، کچن اور گھر کے دیگر حصوں میں بلٹ اِن یونٹ بنانے پر بات کریں گے، جنہیں آپ اپنی سہولت اور پسند کے مطابق بنواسکتے ہیں۔

ڈسپلے یونٹ

گھر کا داخلی حصہ کسی بھی گھر میں انتہائی اہمیت رکھتاہے کیونکہ اس گھر کے باقی حصوں کی آرائش اور مکینوں کے ذوق کا پتہ چل جاتا ہے۔ اس جگہ کو مزید پُر کشش بنانے کے لیے ڈسپلے یونٹ کے طور پر ایک کم چوڑائی والا بلٹ اِن یونٹ بنوایا جاسکتا ہے۔ 

یہ نہ صرف آرائشی اشیا کو سجانے کا بہتریں ذریعہ ثابت ہوگا بلکہ اس میں رکھی جانے والی تمام اشیا محفوظ بھی رہیں گی اور کسی کے گزرنے سے ٹکرا کر گرنے کا امکان بھی نہیں رہے گا۔ ڈسپلے یونٹ کو مہارت اور خوبصورتی کے ساتھ آرائشی اشیا سے سجاکر گھر کے داخلی حصے کو خوبصورت بنایا جاسکتا ہے۔

ٹی وی یونٹ

لیونگ روم میں ٹی وی یونٹ بنوانے کا ٹرینڈ خاصا پرانا ہے۔ بالخصوص پرانے طرز کے ٹی وی کی موجودگی میں ایسے یونٹ اکثر گھروں میں نظر آتے تھے۔ لیکن ایل ای ڈی کے متعارف ہونے کے بعد اب ان کو بنانے کا رجحان کم ہوگیا ہے۔ تاہم، جس طرح ہر چیز میں جدت لائی جاتی ہے، اسی طرح ٹی وی یونٹ کو بھی اب ایل ای ڈی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا جانے لگا ہے تاکہ دکھنے میں یہ خوبصورت بھی لگے اور اشیا رکھنے کی جگہ بھی دستیاب ہو۔ 

اگر بلٹ اِن ٹی وی یونٹ کی تعمیر یہاں رکھے جانے والے سامان کو مدِ نظر رکھ کر کی جائے تو یہ اس سے آپ کے لیونگ روم کو بہترین انداز فراہم ہوگا۔ آپ اپنے لیونگ روم کے سائز کے حساب سے اس کی مرکزی دیوار کو ٹی وی یو نٹ کے لیے منتخب کریں۔ ایل ای ڈی کے سائز کو مدنظر رکھتے ہوئے بلٹ اِن یونٹ کو اس سے تھوڑا بڑا بنوائیں، ساتھ ہی دیوار کی دائیں اور بائیں طرف اپنی ضرورت کے حساب سے بلٹ اِن خانے بنوائیں۔ یہ خانے سامان یا آرائشی اشیا رکھنے کے ساتھ ساتھ لیونگ روم کو ایک نئے رجحان سے بھی آراستہ کریں گے۔

لائبریری یونٹ

موبائل، ٹی وی اور دیگر گیجٹس کے استعمال کی وجہ سے کتابیں پڑھنے کے رجحان میں کمی آگئی ہے۔ لیکن اگر آپ اپنے گھر میں مطالعے کا شوق پروان چڑھانا چاہتے ہیں تو کسی نہ کسی صورت لائبریری یونٹ لازمی تعمیر کروائیں۔ اس سے نہ صرف کتابوں کا انتظام کرنا آسان ہوگا بلکہ بچوں کو کتابیں دیکھ کر ان کو پڑھنے کا اشتیاق ہوگا۔ بلٹ اِن لائبریری یونٹ گھر کے مختلف حصوں میں کئی طریقوں سے تعمیر کروائے جاسکتے ہیں جیسے کہ آجکل کمرے کی مرکزی دیوار کے چاروں اطراف بلٹ اِن لائبریری یونٹ بنوانے کا ٹرینڈ کافی مقبول ہے۔ 

ایسے یونٹ فرش سے چھت تک لمبائی میں بنائے جاتے ہیں، جو ایک نئی تخلیقی سوچ کے ساتھ نفیس طرزِ انداز اور فنکارانہ مہارت کا ثبوت دیتے ہیں۔ کھڑکی والی دیوار بھی بلٹ اِن لائبریری یونٹ کے طور پر استعمال کی جاسکتی ہے، یہ ٹرینڈ بھی ان دنوں خاصا مقبول ہے۔ کھڑکی کے نچلے حصہ میں بیٹھنے کے لیے جگہ مختص کرنے کے بجائے اس میں تین سے چار تختے لگا کر کتابیں رکھنے کے لیے خوبصورت جگہ حاصل کی جاسکتی ہے۔

اسٹڈی روم یونٹ

اسٹڈی روم میں بلٹ اِن یونٹ بنانے کے لیے آدھی دیوار کا استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ دیوار کے بقیہ حصے کو اسٹڈی ٹیبل رکھنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے دیوار پردو سے تین شیلف لگاکر کچھ حصے کو سجاوٹ اور کچھ حصے کو اسٹڈی ٹیبل کے طور پر استعمال کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔ اس طرح کی تعمیر سے اسٹڈی روم یونٹ کو بہتر انداز دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ سیڑھیو ں کے نچلے حصے میں بھی کتابوں کے لیے خوبصورت اور اسٹائلش یونٹ بنوایا جاسکتا ہے۔

بالکنی یونٹ

بالکنی بلٹ اِن یونٹ آپ کو ورٹیکل گارڈننگ کا خوبصورت حل پیش کرتا ہے۔ بالکنی کی دیوار پر تھوڑا چوڑا اور اُونچا یونٹ تعمیر کروایا جاسکتا ہے یا دوسری صورت میں عمودی طرز پرخانے اور شیلف بھی بنوائے جاسکتے ہیں۔ ان بلٹ اِن شیلف میں آپ کارنر یا ریلنگ سے زیادہ تعداد میں پھول اور پودے رکھ سکتے ہیں۔ 

دوسری صورت میں لوہے سے تیار کردہ اسٹینڈ لگا کر اس پر پودے بھی لٹکائے جاسکتے ہیں۔ اگر آپ پودوں میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں تو بڑے گملوں کے بجائےچھوٹے گملے، گلدان یا کنارے پر بنی چھوٹی چھوٹی کیاریاں استعمال کریں۔

تازہ ترین