کراچی (اسٹاف رپورٹر) جیونیٹ ورک کی براہ راست خصوصی نشریات ’’پاک رمضان‘‘ میں یوں تو ہر عمر اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعدادمیں شرکت کررہے ہیں تاہم ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کی اولین ترجیح رنگ ونسل اور مسلک ومذہب سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کرناہے ۔اس سلسلے میں ریکارڈ ساز نشریات کے اٹھائیسویں روز صارم برنی شیلٹر ہوم میں مقیم نو سالہ بچے علی نے بھی شرکت کی جو پشاور میں دہشت گردوں کے اسکول وین پر حملے کے دوران شدید زخمی ہوگیا تھا، اس موقع پر صارم برنی ویلفیئر ٹرسٹ کے روح رواں صارم برنی بھی موجود تھے انہوں نے بتایا کہ بچے کی ٹانگ شدید زخمی ہے جس کے علاج کے لیے بارہ لاکھ روپے درکار ہیں ،اس موقع پر ڈاکٹرعامر لیاقت حسین نے اہل وطن سے اپیل کی کہ یہ بچہ خیبر پختونخواہ کی غیور پختون فیملی کا بچہ ہے ، اسے بھی اسی طرح انتہاپسنددہشت گردوں نے اسکول وین میں نشانہ بنایا جس طرح ملالہ یوسف زئی کو بنایا گیا تھا تاہم اس بچے کو وہ اہمیت نہیں دی گئی جوملالہ کو ملی تاہم یہ بچہ بھی ہمارے لیے ملالہ ہی کی طرح ہے اور آج اس بچے کے علاج کے لیے بارہ لاکھ روپے کی ضرورت ہے مجھے یقین ہے کہ اہل وطن مجھے مایوس نہیں کریں گے ۔ اس موقع پر اس نیک کار خیر میں سب سے پہلے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی ٹیم نے سبقت لے جاتے ہوئے عطیات دینے کا سلسلہ شروع کیا جس کے دوران ڈاکٹر جاوید عالم فاروقی ، ممتاز روحانی اسکالر مولانا سید محمد علی شاہ، معروف ستارہ شناس سامعہ خان اور عالم اسلام کے مشہور ثناء خواں حافظ احمد رضا قادری اور منور عطاری نے عطیات دیئے جس کے بعد ملک اور بیرون ملک مقیم دردمند افراد کی جانب سے عطیات کے اعلانات کاتانتا بندھ گیاجواس مشکل گھڑی میں اس بچے کی مدد کرناچاہتے تھے اور اس دوران محض بارہ منٹس میں بارہ لاکھ روپوں کاانتظام ہوگیا جس پر ہر دل عزیز میزبان نے عطیات دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے اس بچے کے لیے اپیل کا ارادہ کیا تو مجھے یقین نہیں تھا کہ محدود وقت میں اس بچے کے آپریشن کے لیے درکار اتنی خطیر رقم جمع بھی کرپائوں گا یا نہیں لیکن یہ اللہ رب العزت کا بہت بڑا کرم ہے کہ میری اپیل رائیگاں نہیں گئی اور اللہ کے فضل و کرم سے نیک لوگ آگے آئے ، میری زبان کی لاج رکھی اور چند منٹس میں مطلوبہ رقم عطیہ کرکے مجھے سرخرو کردیا۔گزشتہ روز نشریات کے دوران حاضرین کی کثیر تعداد کے ساتھ ممتاز سماجی رہنما مولانا عبدالستار ایدھی کے رضاکار بھی نشریات کا حصہ بنے ، اس موقع پر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے مولانا عبدالستار ایدھی کی صحت یابی کے خصوصی دعا کی اور ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی اور اہلیہ بلقیس ایدھی کو عبدالستار ایدھی کی بھرپور دیکھ بھال پر خراج تحسین پیش کیا، افطار کی روح پرور ساعتوں میں میزبان نے بذریعہ قرعہ اندازی شرکا ء کو عمرے کے ٹکٹس بھی دیئے ۔ عالم آن لائن کی افطار نشریات کے دوران ممتاز عالم دین اور خطیب اہل سنت علامہ سید حمزہ علی قادری ،مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے رکن مولانا ولی خان مظفر،اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ شبیر حسن میثمی اورکراچی کے ناظم اعلیٰ قاری خلیل الرحمن جاویدنے شرکت کی اورفقہی امور پر حاضرین کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس موقع پر پاکستان مدرسہ ایجوکیشن بورڈ کے چیئرمین اور مجلس علمی فاؤنڈیشن کے سرپرست ڈاکٹرعامر طاسین بھی موجود تھے ۔