لندن میں یکم مارچ سے ٹیوب، ریل اور ڈی ایل آر کے کرائے 5.8 فیصد بڑھ جائیں گے۔
ٹرانسپورٹ آف لندن کے مطابق یکم مارچ سے لندن انڈر گراؤنڈ، لندن اوور گراؤنڈ، ڈاک لینڈ لائٹ ریلوے اور ایلزبتھ لائن کے کرایوں میں 5.8 فیصد اضافہ ہوجائے گا۔
میئر لندن سر صادق خان نے کہا ہے کہ انہوں نے ٹریول کارڈز اور پے ایز یو گو کے کیپس کو 2027ء تک منجمد رکھا ہے جبکہ بس اور ٹرام کے کرائے بھی 5 جولائی 2026ء تک منجمد رہیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے اُمید ہے کہ بس اور ٹرام کے کرایوں کا منجمد رہنا خاص طور پر کم آمدنی والے افراد کے لیے فائدہ مند ہوگا اور یہ 7 ویں بار ہے کہ ان کرایوں کو منجمد کیا گیا ہے۔
ٹی ایف ایل کے مطابق زون 1 سے 6 کے اندر کوئی بھی واحد پے ایز یو گو ٹیوب کرایہ 20 پاؤنڈ سے زیادہ نہیں بڑھے گا، جبکہ بہت سے کرائے 10پاؤنڈ تک بڑھیں گے، الزبتھ لائن کا زون 1 سے ہیتھرو تک کرایہ 13.90 پاؤنڈ سے بڑھ کر 15.50 پاؤنڈ ہو جائے گا، یہ اضافہ افراطِ زر کی شرح سے 1 فیصد زیادہ ہے۔
ٹی ایف ایل کے چیف کسٹمر اور اسٹریٹجی آفیسر الیکس ولیمز نے کہا کہ کرایوں سے حاصل ہونے والی آمدنی کو پورے لندن میں ٹرانسپورٹ سروسز کی بہتری پر خرچ کیا جاتا ہے۔
لندن ٹریول واچ کے ترجمان نے کہا کہ کرایوں میں اضافہ لندن کے شہریوں کے لیے کڑوا گھونٹ ہے۔