• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موبائل کارڈ پر جی ایس ٹی میں صارفین کو چھوٹ دی جائے،قائمہ کمیٹی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلیکام نے زور دیا ہے کہ موبائل کارڈ لوڈ کرنے پر جنرل سیلز ٹیکس کی مد میں صارفین کو چھوٹ دی جانی چاہئے ،یہ صارفین پر بھاری بوجھ ہے ، تمام صوبوں میں سروسز چارجز مختلف ہیں اس ٹیکس کو ریشنلائز ہونا چاہئے ، ملک میں جہاں کیڈٹ کالجز ہیں وہاں فائبر آپٹک  پہلے فیز میں پہنچائی جائیں، وزیراعظم کو خط لکھا جائے کہ ٹی آئی پی کی زمین ہری پور ہسپتال منصوبے کیلئے لی جائے۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی  کا اجلاس  پیر کو چیئرمین کیپٹن (ر) محمد صفدر کی زیر صدارت پارلیمینٹ ہائوس میں ہوا ، جس میں ممبران کمیٹی میجر (ر) طاہر اقبال ، شازیہ مری ، شازیہ مبشر اور فرحانہ قمر کے علاوہ وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمٰن، ممبر پی ٹی اے ڈاکٹر سید اسماعیل شاہ ، وزارت آئی ٹی کے حکام ، ایف بی آر ، موبائل کمپنیوں کے عہدیداران نے شرکت کی ، چیئرمین قائمہ کمیٹی نے شازیہ مری کی زیر صدارت چار رکنی سب کمیٹی قائم کر دی  ، جو تمام صوبوں میں جنرل سیلز ٹیکس کی ریشنلائزیشن پر اپنی سفارشات تیار کرے گی ،  اجلاس  میں  چیئرمین قائمہ کمیٹی نے وزارت پر زور دیا کہ وزیراعظم نے ہری پور میں پانچ سو بستروں کے ہسپتال کا اعلان کیا ہے ، انہیں لکھا جائے کہ ٹی آئی پی کی جگہ خریدی جائے ، وزیرمملکت انوشہ رحمٰن نے کہا کہ ٹی آئی پی کی 411کنال اراضی ہے ، ہسپتال کیلئے جگہ دینے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ،  انوشہ رحمٰن نے  کمیٹی کو بتایا کہ ٹی آئی پی کا پورا مافیا ہے اس کو ہم درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
تازہ ترین