• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

8اگست کے عظیم سانحہ کو بھول نہیں سکتے، وکلاء قانون کے پاسبان ہیں،قاتل کامیاب نہیں ہونگے، جسٹس فائز عیسیٰ

کوئٹہ(نمائندہ جنگ)عدالت عالیہ بلوچستان کے زیر اہتمام سانحہ 8اگست کے شہداء کی یاد میں بلوچستان ہائی کورٹ کے احاطے میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا اس موقع پرعدالت عظمیٰ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی، بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان، ماتحت عدالتوں کے جج صاحبان ، پاکستان بار ،بلوچستان بار ایسوسی ایشن کےارکان ، سینئر وکلاء ، شہداء کے ورثااور بم دھماکہ میں زخمی ہونے والے وکلاء موجود تھے۔ تعزیتی ریفریس سے خطاب کر تے ہوئے عدالت عظمیٰ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ ہم سانحہ 8اگست کی مذمت کر تے ہیں قاتل اپنے مذموم عزائم کو کامیاب نہیں بناسکتے ہمارے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں ہیں ، عدلیہ کا بنیادی کام انصاف کی فراہمی ہے،انہوں نے کہا ہے کہ اس عظیم سانحہ کو ہم کبھی بھول نہیں سکتے ۔ جس میں کافی تعداد میں لوگوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں انہوں نے کہا ہے کہ ہم شہداء کے ورثاء کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وکلاء قانون کے پاسبان ہیں وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں قبل ازیں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر تے ہوئے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نورمسکانزئی نے کہا ہے کہ سانحہ 8اگست ایک بدترین واقعہ تھا جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس واقعہ میں شہید ہونے والوں کے ورثاء خود کو تنہا نہ سمجھیں ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں وکلاء کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے اور ہمیں اُمید ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے کام میں مزید نکھار پیدا کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس سانحے کے حوالے سے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ بار اور بینچ کے درمیان مضبوط روابط قائم ہیں انہوں نے شہید وکلاء کے ورثاء کو ہر ممکن معاونت کی بھی یقین دہانی کرائی۔ تقریب سے ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نصیر احمد بنگلزئی ، جنرل سیکرٹری بلوچستان بار ایسوسی ایشن خوشحال خان کاسی اور دیگر سینئر وکلاء نے بھی خطاب کیا تقریب کے آخر میں شہدا ء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے دُعا بھی کی گئی۔
تازہ ترین