• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا عمران کیخلاف 26½ ارب ہرجانے کا اعلان، الزام ثابت ہوا تو میرا خاندان سیاست چھوڑدے گا

لاہور (نمائندہ جنگ،مانیٹر نگ سیل)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے عمران خان کی جانب سےاپنے اوپر لگائے گئے الزامات کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ عمران خان کو 26ارب 54کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجواؤں گا۔عدالت سے ہاتھ جوڑ کر استدعا کرتا ہوں کہ روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت کی جائے۔الزام ثابت ہوا تو میرا خاندان سیاست چھوڑ دیگا۔  2نومبرکوپاکستان بندکرنے کا ناپاک منصوبہ بنایا گیا ہے،یہ اسلام آباد نہیں پاکستان کو بند کرنا چاہتے ہیں،یہ سی پیک کے منصوبے روکنا چاہتے ہیں،2014ءمیں بھی یہ پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچا چکے ہیں،ان کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ منسوخ ہوا جسکے باعث ایک سال ضائع ہوگیا ۔2نومبر کو دھرنے کی وجہ بھی یہی نظر آتی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نےکہا کہ  نیازی صاحب نےمجھ پرگھٹیا، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے،عمران خان ماضی میں بھی کوئی ثبوت نہیں لاسکے، وزیر اعظم نے خود سپریم کورٹ میں پیش ہونے کا دلیرانہ فیصلہ کیا ہے،اس فیصلے کے بعد انکے غبارے سے ہوا نکل گئی تو یہ میری طرف دوڑ پڑے،اسپیڈ پنجاب سے ان کو تکلیف ہے،مجھ پر جتنے الزامات لگے ایک دھیلے کا ثبوت نہیں پیش کیا گیا ، عمران خان نے کہا کہ جنگلا بس میں 75ارب روپے خرچ کیے گئے ۔میں نے کہا ثبوت لاؤ میں سیاست چھوڑ دوں گا لیکن 35ارب روپے کرپشن کے بھی ثابت نہ کرسکے،شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے112ارب روپے بچائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پلڈاٹ نے ہمارے کام کی تعریف کی ہے اور عوام نے سروے میں پنجاب حکومت کی گورننس کو سراہا ہے،اس بات کی ان کو تکلیف ہے،میرے خلاف آج نیا شوشہ چھوڑا گیا ہے،جاوید صادق کو میرا فرنٹ مین ظاہر کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ارفع کریم ٹاور کا ٹھیکہ پر ویز الٰہی کے دور میں دیا گیا، اس ٹاور کا ٹھیکہ جاوید صادق صاحب کی کمپنی کے پاس تھا، میں نے رنگ روڈ کے ٹھیکے میں بڈ کرنے کا کہا ہے لیکن ان کو ٹھیکہ نہیں ملا تھا،اگر فرنٹ مین ہوتا تو کنٹریکٹ ملتا۔ جاوید صادق میرے پرانے جاننے والے ہیں،چینی کمپنیوں کے لوگوں سے دن رات ملتا ہوں، ہاتھ ملاتا ہوں، کھانا کھلاتا ہوں، پاکستان کا خزانہ بھرنے کیلئے ہر بندے سے ملتا ہوں تو کیا سبھی میرے فرنٹ مین ہیں۔ آج ان کیخلاف 26ارب 54کروڑ روپے ہرجانے کادعویٰ دائر کروں گا،عمران خان جو کاغذ لہرا رہے ہیں وہ دکھائیں اس میں کیا ہے،سی پیک رکا تو نقصان عوام کا ہوگا لیکن یہ تو براؤن صاب ہیں، ان کا کچھ نہیں بگڑے گا،ان کے بارے میں بہت کچھ جانتا ہوں،قرض معاف کرانے والے شخص امیر ترین آدمی بن گیا،دوسری طرف غریبوں،یتیموں کی زمینوں پر قبضہ کرنے والا امیر آدمی بنا بیٹھا ہے۔عمران خان مخالفت میں پاک چین دوستی کو بھی بھول گئے ہیں،یہ لوگ منصوبوں کی تکمیل نہیں چاہتے ،خدا کی قسم اگر کرپشن کا ایک دھیلا بھی ثابت ہوجائے قیامت تک مجھے معاف نہ کرنا،صرف مجھے ہی نہیں میرے بچوں کو بھی معاف نہ کرنا ،نہ جانے آپ نے لیڈری کہاں سے سیکھی ہے۔ میں عمران خان کے کسی الزام کا جواب نہیں دوں گا، میں عدالت میں جارہا ہوں،جواب آئے نہ آئے میں عدالت جاؤں گا۔انہوں نے کہا میں عدالت سے ہاتھ جوڑ کر استدعا کرتا ہوں کہ روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت کی جائے۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف فیصلہ آیا تو سزا عوام تجویز کریں گے، میں نے پہلے کبھی نہیں کہا کہ عدالت جارہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ چین کی دریا دلی ہے کہ وہ 50ارب ڈالر کے منصوبے پاکستان میں مکمل کررہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگرعدالت میں جرم ثابت ہواتومیں اورمیرے بچے سیاست چھوڑدینگے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب! آج کے بعد آپ کے کسی جھوٹ کا جواب نہیں دوں گا،اگرمیں مرجاؤں اس کے بعد ثابت ہوتومیرے بچوں کو سزا دینا، فرنٹ مین چھوڑدیں،اگرحکومتی امور نمٹانےمیں کرپشن ثابت ہوتوسزاکیلئےتیارہوں،شہباز شریف نے کہا کہ سپریم کورٹ نے نوٹس لے لیا، وزیراعظم نے اپنے آپ کو پیش کردیا، یہ الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، شہبازشریف نے کہا کہ مجھ پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔دوتین سال پہلے نیازی صاحب نے کہا تھا کہ جنگلا بس پر 70 ارب لگے،اتفاق فاؤنڈری کا سریا استعمال کرنے کا الزام لگا،وہ پندرہ سال سے بند ہے،عمران خان نے الزامات کے کوئی ثبوت نہیں دیئے،شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان جوکاغذلہرارہے ہیں وہ دکھائیں اس میں کیا ہے؟پیپلزپارٹی کی حکومت نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا کانٹریکٹ دیا تھا، اس ٹھیکے کاپنجاب حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔قبل ازیںن لیگی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کا نمبر ون دشمن دہشت گردی اور انتہاپسندی ہے اوراس ناسور کے خاتمے کیلئے اتحاد، اتفاق اور یگانگت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔کوئٹہ کے دلخراش واقعہ کے بعد اختلافات کی کوئی گنجائش نہیں۔ ہمیںدہشت گردی کے خلاف اتحاد کی قوت سے لڑنا ہے۔
تازہ ترین