• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیل پاکستان نے جدید ترین فیول شیل وی-پاور متعارف کرادیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شیل پاکستان نے ملک بھر میں جدید ترین فیول شیل وی-پاور متعارف کرادیا ہے۔اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور وزیر مملکت برائے پیٹرولیم جام کمال خان بھی موجود تھے۔شیل وی-پاور ان لیڈڈ ایک جدید ترین پریمیم فارمولے کے مطابق تیار کردہ ایندھن ہے جوانجن کو زنگ اورجمع ہو جانے والے دیگر موادسے تحفظ فراہم کرتا ہے ۔شیل پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر جواد چیمہ نے کہا کہ فیول مارکیٹ کی ڈی ریگولیشن کی وجہ سے شیل ایک بار پھر پاکستانی صارفین کو اعلیٰ معیار کا فیول شیل وی-پاور فراہم کرے گا۔ہمیں بے حد خوشی ہے کہ ہم پاکستانی صارفین کواپنے موجودہ پورٹ فولیو میں ہی سپیریئر فیول کی جدت سے آراستہ ٹیکنالوجی پیش کررہے ہیں۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تیل درآمد کرنے والے ممالک کے مقابلے میں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں سب سے کم ہے ، دنیا میں کہیں بھی پیٹرول100 روپے لیٹر سے کم پر دستیاب نہیں، ریگولیٹڈ پیٹرول کی قیمت 2 روپے بڑھائی گئی ہے جبکہ تجویز 4 روپے کی تھی، حکومت بھی بوجھ عوام پر ڈال سکتی تھی لیکن ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی تین اقسام متعارف کرا دی گئی ہیں گاڑی چلانے والے ریگولیٹڈ پیٹرول اور سی این جی کے علاوہ اب ڈی ریگولیٹڈ ایندھن استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسابقت کا ماحول بہتر بنانا چاہتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کو بتدریج ڈی ریگولیٹ کرنا ہماری پالیسی ہے اورموجودہ دور حکومت میں ڈی ریگولیٹ کردیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں تیل کا 20 فیصد ملکی پیدوار ہے جبکہ 80 فیصد درآمد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں گیس لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے ہمیں کوئی شکایت نہیں ملی ہے۔ 
تازہ ترین