• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آف شور کمپنیوں کا مقدمہ، جمعہ کو سپریم کورٹ میں سماعت فیصلہ کن ہوگی

 اسلام آباد (رپورٹ/طارق بٹ) آئندہ جمعہ ممکن ہے فیصلہ کن ثابت ہو جب سپریم کورٹ آف شور کمپنیوں کے مقدمے میں عدالتی کمیشن کا تقرر کرے یا خود ہی فیصلہ سنا دے۔ تاہم یہ بات قطعیت کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ وزیراعظم نوازشریف اور ان کے تینوں بچوں مریم، حسین اور حسن کے خلاف درخواستوں پر عدالت اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات کے بغیر فیصلہ نہیں دے گی تاکہ انصاف کے تمام تر تقاضے پورے کئے جاسکیں۔ یہی نہیں بلکہ ہر کیس میں عدالت کا رویہ ایسا ہی ہوتاہے۔ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بنچ فریقین خصوصاً شریف خاندان اورتحریک انصاف کی جانب سے پیش کردہ ناکافی شہادتوں پر مطمئن نہیں ہے، جس کی بنیاد پر وہ کوئی فیصلہ دے سکے۔ عدالت نے یہ واضح کردیا ہے کہ شک کا فائدہ ہمیشہ ملزم کو ہی جاتا ہے۔ جب تک اس کیس میں وزیراعظم اور ان بچوں کے خلاف قانون کے تحت جرم ثابت نہیں ہوتا۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اگر فریقین عدالتی کمیشن کے قیام پر روز اول ہی سے متفق ہوجاتے تو وہ اپنا کام اب تک مکمل کرچکا ہوتا اور بنچ اس کی سفارشات کی روشنی میں کوئی فیصلہ دینے کی پوزیشن میں ہوتا۔ تحریک انصاف دوران سماعت عدالت میں رتی بھر شہادت بھی پیش کرنے میں ناکام رہی حالانکہ اس کا دعویٰ تھا کہ اس کے پاس ’’خاندان اول‘‘ کے خلاف ثبوت اور شہادتوں کے انبار ہیں۔ بہر حال نعیم بخاری نے مختلف مناسب سوالات، وزیراعظم کی تین تقاریر اور دیگر دستاو یزا ت میں تضادات کو واضح کرکے اچھا کام کیا۔ ان کی تمام تر جرح وزیراعظم کے خطابات اور دستاویزی ثبوت کی بنیاد پر رہی وہ اپنے دعوئوں کے حق میں کوئی نئی بت سامنے نہیں لاسکے۔ گوکہ شریف خاندان کی جانب سے بے گناہی ثابت کرنے کے لئے متعدد دستاو یزا ت پیش کی گئیں لیکن عدالتی فورم کے اطمینان میں انہیں ناکافی سمجھا گیا۔ جناب جسٹس شیخ عظمت سعید نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ وزیر اعظم کے وکیل سلمان اسلم بٹ نے پوچھے گئے سوالات کے جو ابا ت نہیں دیئے۔ بنچ نے یہ بھی واضح کیا کہ تشکیل دیئے جانے کی صورت میں عدالتی کمیشن کا محدود کردار ہوگا۔ گزشتہ تقریباً تمام سماعتوں میں جج صاحبان مسلسل عدالتی کمیشن بنا نے کی بات کرتےر ہے لیکن طرفین کے وکلاء نے کوئی رضا مندی کا اظہار نہیں کیا۔ دونوں ہی گزشتہ چند دنوں سے کہتے رہے کہ عدالت خود پٹیشنز کا فیصلہ کرے۔
تازہ ترین