• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونان میں فلیٹ سے روسی سفارت کار کی لاش برآمد

ایتھنز (نیوز ڈیسک) یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں ایک اعلیٰ سطحی روسی ڈپلومیٹ اپنے گھر میں مردہ حالت میں ملے ہیں۔ یونانی پولیس کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ایتھنز میں روس کے قونصل جنرل آندرے ملانن دن بھر اپنے دفتر نہیں گئے۔ ان کی غیر حاضری پر قونصل خانے کا ایک اہلکار ان کے گھر گیا اور54سالہ ملانن کو مردہ حالت میں زمین پر پڑا ہوا پایا۔ پولیس کے مطابق لاش پر کسی زخم یا تشدد کا نشان نہیں ملا اور موت کی وجہ تحقیق کی جارہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق موت اگر طبعی بھی ہوئی ہے تو ایک کارڈیولوجسٹ لاش کا جائزہ لے گا۔ آندرے پیر کی صبح اپنے اپارٹمنٹ کے کمرے میں مردہ حالت میں ملے۔ وہ اپنے اپارٹمنٹ میں تنہا رہائش پذیر تھے اور ان کی رہائش گاہ سخت سیکورٹی والے علاقے میں تھی جہاں یونان کے وزیراعظم اور صدر کی سرکاری رہائش گاہیں بھی ہیں واضح رہے کہ2016کو ترکی کے شہر انقرہ میں روسی سفیر آندرے کارلوف کو ہلاک کردیا گیا تھا اور چند گھنٹوں کے بعد ماسکو میں ایک اعلیٰ حکومتی عہدے دار اپنے گھر میں مردہ حالت میں ملے تھے۔
تازہ ترین