• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ صحت نے 6ماہ میں 57فیصد فنڈ خرچ کر ڈالا

پشاور(جنرل رپورٹر)محکمہ صحت خیبرپختونخوا کا ششماہی جائزہ اجلاس سیکرٹری صحت عابد مجید کی زیر صدارت ہیلتھ سیکرٹریٹ پشاور میں ہوا جس میں مالی سال 17-2016ء کے ترقیاتی پروگرام میں شامل محکمے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اب تک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ان ترقیاتی منصوبوں میں پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ، خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے کیجولٹی بلاک کی تعمیر، ایچ ایم سی  میں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ ، تدریسی مقاصد کیلئےسیدو گروپ آف ہوسپٹلز کی اپ گریڈیشن، گومل میڈیکل کالج ڈی آئی خان کی عمارت کی تعمیر، باچا خان میڈیکل کالج مردان ، شہید بےنظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال مردان ، پیراپلیجک سنٹر پشاور میں وارڈز اور آپریشن تھیٹرز کی تعمیر، پشاور میں فائونٹین ہائوس ،چارسدہ میں چلڈرن اینڈ میٹرنٹی ہسپتال ، باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی کی اپ گریڈیشن، کوہاٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں اضافی وارڈز کی تعمیر اور بنوں میڈیکل کالج کے قیام کے علاوہ صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی سٹینڈیرڈائزیشن، مختلف بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن وغیرہ شامل ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال17- 2016ء کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں محکمہ صحت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے 6796 ملین روپےسے زائد کا فنڈ مختص کیا گیا جس میں سے اب تک2778ملین روپے تک فنڈ جاری کئے جاچکے ہیں اور مالی سال کے پہلے ششماہی کے اختتام تک جاری شدہ فنڈز کا57 فیصد حصہ خرچ کیا جاچکا ہے۔اجلاس کوبتایا گیاکہ محکمے کے16 مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری فنڈز کا 75 تا 100 فیصد استعمال میں لایا گیا ہے جن میں فاؤنٹین ہاؤس پشاور، چلڈرن اینڈ میٹرنٹی ہسپتال چارسدہ، باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی کی اپ گریڈیشن، کوہاٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، نوشہرہ میڈیکل کالج، خلیفہ گل نواز میڈیکل کمپلیکس بنوں اور بنوں میڈیکل کالج وغیرہ شامل ہیں۔اس طرح مذکورہ مالی سال کے دوران محکمے کے سات ترقیاتی منصوبوں کے لیے جاری کردہ فنڈز کا 50 تا 74 فیصد استعمال کر لیا گیا ہے جن میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں ایکسڈنٹ اینڈ ایمرجنسی یونٹ کی اپ گریڈیشن، شہید بےنظیر بھٹو چلڈرن ہسپتال مردان کا قیام اور باچا خان میڈیکل کمپلیکس مردان کا قیام شامل ہیں۔ سیکرٹری صحت نے محکمہ صحت اور مواصلات وتعمیرات کے متعلقہ حکام کو محکمے کے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مقررہ وقت کے اندر تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ صوبائی حکومت عوامی مفاد کے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل میں فنڈز کی کمی کو آڑے نہیں آنے دے گی۔
تازہ ترین