• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان فنڈنگ کیس میں چھوٹی سی تلاشی نہیں دے رہے ،عرفان صدیقی

کراچی(ٹی وی رپورٹ)مشیروزیراعظم عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ بی بی سی کی رپورٹ سے وزیراعظم کی اخلاقی پوزیشن کو نقصان نہیں پہنچا،وزیراعظم کے وکیل نے عدالت میں آج استثنیٰ کی بات ضرور کی مگر استثنیٰ نہیں مانگا،وزیراعظم کی کسی تقریر میں غلط بیانی یا تضاد بیانی نہیں ہے،عمران خان ہماری تلاشی کیلئے بہت سرگرم ہیں مگرغیرملکی فنڈنگ کیس میں اپنی چھوٹی سی تلاشی نہیں دے رہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پی ٹی آئی کی رہنما شیریں مزاری اور پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری بھی شریک تھیں۔شیریں مزاری نے کہا کہ وزیراعظم کی اسمبلی میں تقریرپر عدالت میں استثنیٰ مانگ کر بہت بڑا یوٹرن لیا گیا ہے، بی بی سی نے رپورٹ میں غلط بیانی کی ہے تو شریف خاندان ان کے خلاف عدالت میں جائے۔شازیہ مری نے کہا کہ وزیراعظم کی ایوان میں تقریر کو لے کر پریشانی بہت زیادہ بڑھتی جارہی ہے،اگر اس تقریر سے پریشانی نہیں ہوتی تو ن لیگ کا موقف اس قدر تبدیل نہیں ہوتا،بی بی سی کی رپورٹ حکومتی موقف کے نزدیک ہے تو حکومتی نمائندے کیوں اسے مسترد کررہے ہیں۔عرفان صدیقی نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے وکیل نے عدالت میں آج استثنیٰ کی بات ضرور کی مگر استثنیٰ نہیں مانگا بلکہ یاد دلایا کہ آئین نے پہلے ہی تمام اراکین پارلیمان کو استثنیٰ دیا ہوا ہے،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو پارلیمنٹ میں کسی تقریر کی بنیاد پر نااہل قرار نہیں دیا گیا تھا،وزیراعظم کی کسی تقریر میں غلط بیانی یا تضاد بیانی نہیں ہے،وہ اپنے کہے گئے ایک ایک لفظ پرقائم ہیں، وزیراعظم کی تقریر میں اگر تضادات ہیں تو ثابت کیے جائیں،وزیراعظم نے اپنی تقریر کے آخر میں کہا تھا کہ اس کے علاوہ بھی شواہد موجود ہیں جو مناسب فورم پر پیش کیے جائیں گے۔
تازہ ترین