• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر،فوج کا محاصرہ وتلاشی،2کشمیری نوجوان شہید

سرینگر(ایجنسیاں)مقبو ضہ کشمیر میں سیاسی نظربندیوں کیخلاف مظاہرےاورفوج کا محاصرہ وتلاشی آپریشن جاری، 2کشمیری نوجوان شہید ہو گئے، بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع راجوری کے علاقے کیری میں محاصرے اور تلاشی کے دوران ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا، بھارتی فورسز کے پیلٹس سے زخمی ہونے والانوجوان وسیم احمد ٹھوکر 6ماہ تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد شہید ہوگیاہے، دوسری جانب ضلع بانڈی پورہ کے علاقے صدرہ کوٹ پائین میں آج دوسرے روز بھی زبردست بھارت مخالف مظاہرے جاری رہے۔ علاقے کے لوگوں نے میڈیا کو بتایا کہ  بھارتی فوجی رات کے دوران گھروں میں داخل ہوئے، گھریلو سامان کی توڑ پھوڑ کی اور مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ ادھرضلع بارہمولہ میں پٹن کے علاقے محمود پورہ میں کئی روز سے لاپتہ نوجوان شاہد احمد گنائی کی لاش ایک نالے سے برآمد ہوئی ہے۔ علاقےمیں ایک اور نوجوان 18سالہ سید جاوید رضوی بھی لاپتہ ہے اور اس کے اہل خانہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں دریں اثناء مقبو ضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے پیلٹس سے زخمی ہونے والانوجوان وسیم احمد ٹھوکر 6ماہ تک موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد شہید ہوگیاہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع کولگام سے تعلق رکھنے والا وسیم احمد گزشتہ سال مرہامہ میں ایک پرامن مظاہرے کے دوران بھارتی فورسز کے پیلٹس سے شدید زخمی ہواتھا۔ انہیں 300سے زائد پیلٹس لگے تھے اور وہ پیر کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوا۔ وسیم احمدٹھوکر کی شہادت سے حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران شہید ہونے والے کشمیریوں کی تعداد 120 تک پہنچ گئی۔دریں اثناء مقبوضہ کشمیر میں سیاسی نظربندوں کی مسلسل نظربندی اور انکی حالت زار کے خلاف حیدر پورہ سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا ۔
تازہ ترین