• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ قائمہ کمیٹی،گن اینڈ کنٹری کلب کیخلاف کرپشن کیسز ایف آئی اے بھجوانے کا فیصلہ

 اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے کا بینہ سیکرٹریٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب کے ملازمین کے احتجاج اور برطرفی کے معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے ، کلب کے ملازمین کو جنوری سے تنخواہ فراہم کرنے، 10فیصد انکریمنٹ دینے اور فارغ ملازمین کو بحال کرنے کی سفارش کرتے ہوئے سیکرٹری گن اینڈ کنٹری کلب کے خلاف کرپشن کیسز ایف آئی اے کو بھیجنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں 15دن بعد ڈی جی ایف آئی سے رپورٹ طلب کرلی۔ قائمہ کمیٹی نے سیکرٹری کلب کیخلاف تحریک استحقاق پیش کرنے کا بھی فیصلہ کیا جنہوں نے نکالے گئے کلب کے ملازمین کے سامنے بریفنگ دینے سے معذرت کی تھی۔ قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محمد طلحہ محمودکی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں گن اینڈ کنٹری کلب کے کام، کارکردگی، ملازمین کی طرف سے ہڑتال کے معاملات کے علاوہ میڈیا میں آنے والی خبروں اور کلب کو الاٹ کی گئی زمین کے معاملات کاتفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ سیکرٹری کلب اطہر رؤف بھٹی کے خلاف بے شمار کرپشن کے الزامات سامنے آئے ہیں ۔ کلب میں شادی کے پروگرام کی اجازت نہیں ہے مگر انہوں نے انتہائی سستے ریٹ پر شادی کا پروگرام کروایا۔کلب سے نکالے گئے ملازمین کے وفد نے قائمہ کمیٹی کو بتا یا کہ سیکرٹر ی کلب معمولی غلطی پر گالم گلوچ سے پر اتر آتا ہے اور حکومت کی مقرر کردہ کم سے کم تنخواہ 14ہزار ہے ۔ جبکہ 130ملازمین میں سے 67ملازمین کی تنخواہ 13ہزار ہے ۔ ایڈمنسٹریٹر گن اینڈ کنٹری کلب ممبر قومی اسمبلی دانیا ل عزیز نے کہا کہ جب میں نے ایڈمنسٹریٹر کا چارج سنبھالا توکلب کے حالات انتہائی خراب تھے آٹھ ماہ سے بند تھا، ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ دینے کے پیسے نہیں تھے اب کروڑوں جمع ہوچکے ہیں۔
تازہ ترین