• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیٹ پر پیلی گرپ، دو بار اسٹریچنگ،2 ڈاٹ بالز،شرجیل نے ڈیل مکمل کی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں بائیں ہاتھ کے اوپنر شرجیل خان نے جس طرح سٹے بازوں کو پہلے میچ کے آغاز پر سگنل دیا اس کو دیکھتے ہی پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے سر پیٹ لیا۔ جنگ کی تحقیق کے مطابق شرجیل خان اور خالد لطیف کے بارے میں آئی سی سی کی جانب سے مصدقہ اطلاعات کو پی سی بی حکام کے ساتھ شئیر کیا گیا تھا۔ اس میں یہ اطلاع بھی تھی کہ شرجیل خان کس طرح سٹے بازوں کو میچ کے آغاز پر اشارہ دیں گے۔ پلان کے مطابق جمعرات9 فروری کو میچ سے قبل شرجیل خان نے روایتی پیلے رنگ کی گرپ اپنے بیٹ پر لگائی ہوئی تھی۔ پہلے اوور سے قبل شرجیل نے بیٹ کو ہینڈل سے پکڑا اور دو بار اوٹھک بیٹھک (اسٹریچنگ ) کی۔ یہ اس بات کا اشارہ تھا کہ وہ میچ میں ان ہیں۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق انہوں نے بیٹنگ شروع کی اور دو ڈاٹ گیندیں کھیل کر اپنی ڈیل کو پورا کیا۔ اس ڈیل کے عوض انہیں پانچ لاکھ روپے ملنا تھے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی حکام نے تقریباً یہی تفصیلات بورڈ سے شیئر کیں تھیں۔ جب شرجیل خان نے اسٹریچنگ کے بعد دو ڈا ٹ گیندیں کھیلیں تو نجم سیٹھی نے نشست پر بیٹھے بیٹھے سر پکڑ لیا ۔ ذرائع کے مطابق میچ ختم ہوتے ہی شرجیل خان اور خالد لطیف کو پی سی بی اینٹی کرپشن حکام نے اپنی تحویل میں لے لیا اور مزید تحقیقات کے لئے دبئی اسٹیڈیم سے نامعلوم مقام پر لے گئے۔ اسی دوران آئی سی سی نے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو یوسف انور اور ناصر جمشید کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق پی ایس ایل افتتاحی میچ سے قبل دوپہر کو جب اسلام آباد کے کرکٹرز کو بریفنگ دی گئی تو اس وقت بھی انہیں بتایا گیا کہ سٹے باز آپ کے پیچھے آسکتے ہیں اس لئے آپ کسی قسم کی غلط سرگرمی سے بچیں ۔ لیکن شرجیل اور خالد نے اسے بھی نظر انداز کیا۔
تازہ ترین