• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ میں پاکستان کی مثبت شناخت اجاگر کرنے میں کمیونٹی کا اہم کردار ہے، ڈبلیو سی او پی شمالی برطانیہ کے آغاز پر رہنمائوں کا خطاب

ہڈرزفیلڈ (نمائندہ جنگ) ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز آرگنائزیشن کو نارتھ آف انگلینڈ میں بھی لائونچ کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں ہڈرز فیلڈ میں ہونے والی تقریب میں پاکستانی اور کشمیری نژاد ممبران پارلیمنٹ امجد بشیر ایم ای پی، سجاد کریم ایم ای پی، شیڈو منسٹر بیرسٹر عمران حسین ایم پی کے علاوہ نارتھ کی بزنس کمیونٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے زعماء نے شرکت کی۔ ورلڈ کانگریس آف اووریز پاکستانیز کا شمالی انگلستان میں لائونچنگ اور آغاز پاکستان قومی ترانے سے کیا گیا۔ شیڈو منسٹر بیرسٹر عمران حسین نے خطاب کرتے ہوئے برٹش پاکستانیوں کی برطانیہ میں عظیم کامیابیوں کے سفر اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف انفرادی حیثیت سے برطانوی معاشرے میں پاکستان کی مثبت شناخت کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ مختلف شعبوں میں آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ امجد بشیرMEP نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں پاکستانی اپنی انتھک محنت سے نام کما رہے ہیں جو کہ ہمارے لئے باعث فخر ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے جس نے دنیا میں قیام امن کے لئے دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن میں اپنا کردار ادا کیا اور عظیم قربانیاں دیں دنیا کو پاکستان کے اس عظیم کردار کا اعتراف کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سال70واں یوم آزادی منا رہا ہے۔ برطانیہ میں ہمیں پاکستان کی ثقافت اور کلچر کو اجاگر کرنا ہے انہوں نے پاکستان کے کھانوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر میں جو سب سے ذائقہ دار کھانے بنتے تھے وہ پاکستان ہجرت کرنے والے ہی بناتے تھے۔ برطانیہ میں جو ذائقہ دار کھانے ہمیں دستیاب ہیں وہ پاکستانی کھانے ہی ہیں۔ مگر ہم ان کھانوں کو پاکستانی کی حیثیت سے متعارف نہ کرا سکے۔ ضرورت اس بات کی ہے۔ وہ تمام عوامل جس سے پاکستان کا نام روشن ہوا اس کے لئے ہمیں کام کرنا ہوگا۔ کھانے اور ذائقے ایک ایسی چیز ہے جس کی طلب ہر مذہب اور ہر ملک کی مشترکہ ضرورت ہوتی ہے پاکستانی کھانوں کو ہم مقامی معاشرے میں بہترین انضمام کے طور پر پیش کرسکتے ہیں۔ یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف پاکستان کےچیئرمین سجاد کریم اور نارتھ ویسٹ کے یورپی ممبر پارلیمنٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ اقتصادی لحاظ سے مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہماری غربت ہے، استحکام پاکستان کے لئے ہمیں کردار ادا کرنا ہوگا۔ ورلڈ کانگریس آف پاکستان کے چیئرمین سید قمر رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دنیا میں قیام امن کے لئے نمایاں کردار ادا کیا ہے دنیا بھر میں پاکستانیوں نے اپنی کامیابیوں کی لازوال داستانیں رقم کی ہیں۔ ہمیں بحیثیت پاکستانی دنیا میں سر اٹھا کر چلنا ہوگا پاکستان کےعظیم ثقافتی رنگوں اور استحکام پاکستان کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ تنظیم کے صدر ڈاکٹر سہیل چغتائی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مقامی معاشرے میں انصمام کے لئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ برطانیہ میں رہتے ہوئے اپنی نوجوان نسل اور ان کے ٹیلنٹ کو سراہنا ہوگا۔ مقامی کمیونٹی کے ساتھ اچھے تعلقات کے فروغ کے لئے کوشش کرتے ہوئے پاکستان کے کلچر کو روشناس کرانا ہوگا۔ ڈاکٹر عارف ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم ملک ہے بحیثیت اوورسیز ہمیں متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اپنی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ اپنی کمزوریوں پر بھی نظر رکھنا ہوگی۔ برطانیہ میں خواتین کی مقامی معاشرے میں کردار ادا کرنے کے حوالے سے حوصلہ افزائی کرنے ہوگا۔WCOP بورڈ کے گورنر بیرسٹر گل نواز اور ممبر صوبائی اسمبلی راجہ شوکت عزیز بھٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اگلے دس سال میں اقتصادی لحاظسے ایک سپرپاور ہوگا۔ اقتصادی راہداری کا منصوبہ خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ بحیثیت اوورسیز پاکستانی ہمیں پاکستان کی ترقی کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ ورلڈ کانگرس آف پاکستان نارتھ زون کے چیپٹر کا اعلان کرتے ہوئے مخدوم طارق محمودالحسن کو صدر بنایا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ WCOP کے پلیٹ فارم سے نارتھ آف انگلینڈ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کے وقار اور مقامی معاشرے میں انٹیگریشن کے لئے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر نارتھ زون چیپٹر کی پورٹی ٹیم کا اعلان کیا گیا۔ تقریب میں نظامت کے فرائض مریم نے سرانجام دیئے۔ تقریب کا آغاز قاری محمد عباس کی تلاوت کلام پاک اور محمد حماد رضا کی نعت رسول مقبولﷺ سے ہوا جب کہ اختتام پر موسیقی کا پروگرام بھی پیش کیا گیا۔
تازہ ترین