• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرکزی جماعت اہلسنت کے رہنمائوں کی صاحبزادہ پیر ظہیرالدین صدیقی سے ملاقات

برمنگھم (نمائندہ جنگ) مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ یورپ (رجسٹرڈ) کے مرکزی صدر مفکر ملت علامہ احمد نثار بیگ قادری، جماعت کے سیکرٹری جنرل علامہ حافظ مفتی فضل احمد قادری، علامہ حافظ نثار احمد رضا اور مرکزی جماعت اہلسنت برطانیہ و اوورسیز کے مرکزی رہنما علامہ محمد ظفر محمود فراشوی نے آستانہ عالیہ نیریاں شریف برمنگھم میں حاضری دے کر قائد عالمی تحریک تحفظ ناموس رسالت و عظیم روحانی پیشوا حضرت علامہ مرحوم پیر علائو الدین صدیقی کی وفات پر صاحبزادہ پیر ظہیر الدین صدیقی سے اظہار افسوس کیا۔ علما و مشائخ کے اس وفد نے مرحوم پیر علائو الدین کی عالمی سطح پر عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ، مسلمانوں کی رہنمائی، پاکستان، برطانیہ و آزاد کشمیر میں تعلیمی انقلاب جیسی عظیم خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ادھورے مشن کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر صاحبزادہ پیر ظہیر الدین صدیقی نے علما و مشائخ کو یقین دلایا کہ مرحوم پیر علائو الدین کے عظیم روحانی سلسلے اور مذہبی مشن کو جاری رکھتے ہوئے تمام مکاتب فکر کے علما و مشائخ سے تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر پیر علائو الدین کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
تازہ ترین