• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونس خان کا یوٹرن ، ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اشارہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان میں کھلاڑیوں کی جانب سے ریٹائر منٹ کا اعلان کرنا اور فیصلہ تبدیل کرنا پرانی روایت ہے۔عمران خان ،جاوید میاں داد سمیت کئی کرکٹرز اپنی ریٹائر منٹ کا فیصلہ واپس لے چکے ہیں۔اب یونس خان نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اشارہ دے دیا ہے۔یونس خان کا کہنا ہے کہ اگرپاکستان کومیری ضرورت ہوئی توریٹائرمنٹ کے فیصلے پرنظر ثانی کر سکتا ہوں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین یونس خان کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم کو ضرورت پڑنے اور درخواست کرنے کی صورت میں ریٹائرمنٹ واپس لینے کو تیار ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کو ایک انٹرویو میں یونس خان کا کہنا تھا کہ ʼمیں مزید کرکٹ کھیل سکتا ہوں لیکن میرے خیال میں ریٹائر ہونے کا بہتر وقت وہی ہے جب لوگ آپ کو مزید کھیلتا دیکھنا چاہتے ہوں نہ کہ وہ سمجھ رہے ہوں کہ آپ کو جانا چاہیے۔سابق کپتان نے کہا کہ ʼمیرے خیال میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا یہ ایک اچھا وقت ہے۔خیال رہے کہ یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے روانگی سے قبل کراچی میں باقاعدہ طور پر رواں سیریز کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔ٹیسٹ کریئر کو مزید طول دینے کے لیے اپنے فیصلے پرغور کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ʼہاں، میں اس پر غور کروں گا اور یہ سب میری ٹیم کی ضرورت پر انحصار کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ʼاگر وہ مجھے درخواست کرتے یا عوام مجھے سے یہ چاہتے ہوں تو کیوں نہیں لیکن یہ میری ٹیم پر ہی منحصر ہے۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کو الوداع کہنے والے پاکستانی ٹیم کے کپتان مصباح الحق بھی یونس خان کو مزید کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔مصباح الحق کا کرکٹ آسٹریلیا میں شائع اپنے ایک مضمون میں کہنا تھا کہ ʼمیری ذاتی رائے یہ ہے کہ پاکستان کو ابھی بھی یونس خان کی ضرورت ہے اور وہ مزید ایک یا دوسال تک کھیل سکتے ہیں لیکن مجھے یقین نہیں کہ دیگر لوگ اس سے اتفاق کریں یا نہ کریں۔
تازہ ترین