• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ریاض کانفرنس کا حال سننے سے پہلے یہ سن لیں کہ میں تو ابھی تک ان سوچوں میں گم کہ اگر ہماری جدہ سے اسلام آباد کی فلائٹ Missنہ ہوتی توپھر نہ ہم روضہ رسول ؐ پر سلام کر پاتے ،نہ اللہ کے گھر حاضری ہو پاتی اورنہ مسجد ِقبا کے سامنے صحابیِ رسول ؐ کلثوم بن ہدمؓ کے اُس گھر کی زیارت ہوتی کہ چودہ سوسال گزرنے کے بعد بھی جسکی دیواریں سلامت اور جس میں اب سعودی عرب میں پلے بڑھے مہمان نواز سندھی دوست علی سیال اور ان کا خاندان رہائش پذیر، اگر فلائٹ Missنہ ہوتی تو ہم کلثوم بن ہدم ؓ کے گھر میں اُس کنوئیں کا پانی بھی پی نہ سکتے کہ جسے میٹھا بنانے کیلئے حضور ؐ نے اپنالعا بِ دہن ملایا، اُس باغ کی کھجوریں بھی کھا نہ سکتے کہ جس کی کھجوریں آپ ؐ بھی کھا چکے اور اسی گھر میں موجود اس مسجد میں نفل بھی پڑھ نہ پاتے کہ جہاں مسجد ِقبا کی تعمیر کے دوران نبی ؐ نے نمازیں پڑھیں ، آرام فرمایا اور جہاں بیٹھ کر خلیفہ اول حضرت ابوبکر صدیق ؓ سے صلاح مشورے کئے اور اگر فلائٹ Missنہ ہوتی تو ہم عمرے پر آئے ہوئے پاکستانی پولیس افسر نصراللہ چوہدری کے کمرے میں بیٹھ کر مندی (عربی ڈش) کھا تے ہوئے کھڑکی سے مسلسل مسجد نبوی ؐ کا دیدار نہ کر پاتے ، اور ذہنی طور پر مسلم لیگ ن سے دور مگر دلی طور پر حسین نواز کے قریب عبدالجبار آغا کے گھر دیسی آٹے کی روٹیوں کے ساتھ مکھن میں پکا ساگ بھی کھا نہ سکتے ،یہاں یہ بتانا بڑا ضروری کہ ریاض کانفرنس کے تینوں دن میں اپنے ہم سفر اور بہت ہی پیارے سلیم صافی سے جب بھی کہتا کہ ’’ واپسی پر عمرہ نہ کرتے چلیں ‘‘تو ہر بار ایک ہی جواب ملتا ’’ ہم عمرے کی نیت سے نہیں آئے اور عمرہ تو اپنے پیسوں سے ہوتا ہے ‘‘لہذا جب ریاض سے جدہ پہنچ کر امیگریشن ہونے اور بورڈنگ کارڈ لینے کے بعد بھی ہماری فلائٹ Missہوگئی اور جب جدہ سے اسلام آباد جانے والی اگلی فلائٹ کی ٹکٹیں بھی ہمیں خود خریدنا پڑیں تو پھر جدہ ائیر پورٹ کے باہر کھڑے سلیم صافی سے میں نے پوچھ ہی لیا ’’ قبلہ خرچہ بھی اپنا اور ایک اضافی دن بھی مل گیا ، اب تو عمرہ بنتا ہے نا ‘‘ تو ایک بے بس مسکراہٹ پھینک کر بولا ’’ ہاں اب تو عمرہ ہی بنتا ہے ‘‘ پھر یوں اللہ نے نہ صرف عمرہ کروادیا بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب کہ جو کچھ سوچا اور مانگا اس سے کہیں زیادہ عنایت کر دیا۔
ہاں تو میں بات کرنے لگا تھا ریاض کانفرنس کی ،19مئی کو سعودی حکومت کی دعوت پر ہم گئے توا یک کانفرنس کیلئے ، مگر Together we Prevailکے جھنڈے تلے ہمیں ایک کی بجائے 3کانفرنسیں بھگتنا پڑیں ، پہلی سعودی امریکن سی ای اوبزنس کانفرنس ، جس میں دونوں ممالک کی صفِ اول 90کمپنیوں کے سربراہ شریک ہوئے ، دوسری خلیجی ممالک کی کانفرنس جس میں ڈونلڈ ٹرمپ پہلی بار عرب ممالک کے سربراہوں کے ساتھ بیٹھے جبکہ تیسری عرب اسلامک امریکن سربراہی کانفرنس ،جس میں 50سے زیادہ اسلامی ممالک کے سربراہ اور وفود شریک ہوئے ،ان 3دنوں میں جہاں سعودی عرب اورامریکہ کے درمیان بیسیوں معاہدے ہوئے ،جہاں ایک عرصے کے بعد مسلم لیڈر شپ ایک چھت تلے جمع ہوئی ،جہاں ریاض میں انسدادِ انتہا پسندی کے مرکز کا افتتاح ہوا ،جہاں ا سٹر ٹیجک وژن ڈکلیئریشن پر دستخط ہوئے ، جہاں مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل ہوئی اور جہاں 37ارب ڈالر کی تجارت والے سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان 350 ارب ڈالر سے زیادہ کے معاہدے ہوئے ، وہاں نہ صرف امریکہ اور سعودی عرب One Pageپر آئے ،نہ صرف امریکہ مسلم دنیا کے ساتھ بیٹھا بلکہ مغرب اور مشرق نے پہلی دفعہ اکٹھے ہو کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کیخلاف منصوبہ بندی کی ،ریاض کانفرنس اس لئے بھی اہم رہی کہ امریکی صدر اس وقت مسلم برادری کے ساتھ بیٹھے کہ جب کھنڈر بن چکے شام میں امن وقت کی اہم ضرورت ،جب دنیا سے سو سال پیچھے جا چکے عراق کی تعمیروترقی بہت ضروری ،جب یمن سے دہشت گردوں کا صفایا ایک چیلنج اور جب امن واستحکام کی کوششوں میں لگے لیبیا،مصر اور تیونس کی مدد کرنا وقت کا اہم تقاضا اور پھر امریکہ اور مسلم ممالک اس وقت اکٹھے ہوئے جب نہ صرف 95فیصد عالم ِاسلام دہشت گردی اور انتہا پسندی کا شکار اور نہ صرف شدت پسندی سعودی دروازہ کھٹکھٹا چکی بلکہ دہشت گردوں کی وجہ سے پوری دنیا کا امن خطرے میں ۔
لیکن دوستو! ایک طرف تو یہ سب ہور ہا تھا جبکہ دوسری طرف اپنے ہاں صورتحال یہ تھی کہ بھانت بھانت کی بولیاں بولی اور سازشی تھیوریاں گھڑی جارہی تھیں اور اپنے سب افلاطون ،سارے بقراط اور تمام ارسطو باتیں بنانے اور کیڑے نکالنے میں لگے رہے ،کوئی ڈونلڈ ٹرمپ کے استقبال پر معتر ض تھا تو کوئی شاہ سلمان اور ٹرمپ کے رقص پر برہم ،کوئی میاں نواز شریف کے نظر انداز کئے جانے کے دُکھ میں مبتلا تھا تو کسی کو امریکی صدر کا زیادہ پروٹوکول چبھ رہا تھا ، کسی نے ریاض کانفرنس ایران کیخلاف اتحاد کا نام دے کر مسترد کردی تو کسی نے حزب اللہ اور حماس کو القاعدہ اور داعش کی کیٹیگری میں لانے پر کانفرنس کو رد کردیا اور کچھ خیرا ندیش ریاض کانفرنس کے ہدف اور لائحہ عمل پر تنقید کرتے پائے گئے تو کئی دوراندیش کانفرنس کو اسرائیل کی مضبوطی سے تعبیر کرتے ملے ۔
بلاشبہ رائے دینے کا ہر کسی کو حق اور ہر کوئی تنقید کرنے کا مجاز، لیکن پہلی بات یہ کہ جب یمن میں ایک دہشت گرد گروہ بندوق کے زور پر حکومت چھین کر اپنی دہشت گردی کا سلسلہ مدینہ منورہ تک لے آئے تو پھر کیا سعودی حکومت کو ہم یہ حق بھی نہیں دیں گے کہ وہ اپنی بقا کیلئے کوئی لائحہ عمل بنائے ،(ویسے تو یہاں سوا ل یہ بھی کہ ہم کون ہوتے ہیں سعودی حکومت کو مشورے دینے اور انکے فیصلے کرنے والے) ، دوسری بات یہ کہ آج کون ہے جو امریکہ سے دوستی نہیں کرنا چاہتا ،آج دنیا کے کس ملک کے امریکہ سے مفادات وابستہ نہیں ، باقیوں کو چھوڑیں کیا یہ حقیقت نہیں کہ اوباما دور میں ایران نے امریکہ کی ہر بات مانی اور کیا یہ سچ نہیں کہ مغربی دنیا سے تعلقات بہتر بنانے کے نعرے پر ہی ایرانی قوم نے روحانی کو دوسری مرتبہ صدر بنا دیا اور پھر ایران اور سعودی عرب کو ایک ہی نظر سے دیکھنے والے غالباً یہ بھول جاتے ہیں کہ ایک طرف وہ سعودی عرب جس نے بنگلہ دیش کو تب تک تسلیم نہ کیا ،جب تک ہم نے نہ کیا ، جس نے ایٹمی دھماکوں کے بعد ہمیں مفت تیل اور ہر قسم کی مدد فراہم کی ،جو ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ،جو ہرآزمائش پر پورا اترا ،جہاں اس وقت بھی 20لاکھ وہ پاکستانی جو سالا نہ 6ارب ڈالر زرِمبادلہ بھجوا رہے ( غیر قانونی مقیم ایک ملین پاکستانی اسکے علاوہ ) اور جو ہمارا قدرتی حلیف جبکہ دوسری طرف وہ ایران جس سے شاہِ ایران کے بعد کبھی ہمارے تعلقات خوشگوار نہ رہے ، جس نے دن دیہاڑے پاکستان کے وجود کے دشمن بھارت سے دفاعی معاہد ہ کر لیا ،جو بھارت کی 33فیصد ایکسپورٹ کی کھپت والا ملک ،جو گوادر کے مقابلے میں اپنی بندرگاہ چابہار بھارت کے حوالے کر چکا ، جس کا آرمی چیف پاکستان کو سبق سکھانے کی دھمکی دے چکا اور بلوچستان سے پکڑے جانے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا نہ صرف کاروبار ایران میں بلکہ اس کا پاسپورٹ بھی ایرانی ،پھر ہمیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ دنیا تو ایسے بدل چکی کہ آج چین ہمارا سب سے بڑا اتحادی مگروہ مسلمان ملک نہیں ،جبکہ ایران اور افغانستان مسلمان ملک ہوتے ہوئے بھارت کے ساتھی اور ہمارا سب سے بڑا خیر خواہ ترکی مگر وہ ہمارے دشمن اسرائیل کو تسلیم کر چکا ، اور پھر ریاض کانفرنس پر تنقید کرنے والوں نے یہ بھی یادنہ رکھا کہ پر اکسی وار چاہے کوئی دوست ہی کیوں نہ کروا رہا ہواور دہشت گردی اور انتہا پسندی چاہے سگا بھائی ہی کیوں نہ کر رہا ہو ،یہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں ، کیا ایسا ہو سکتا ہے کہ گھر کو آگ لگی ہو اور مکین یہ سوچ کر آگ نہ بجھا ئے کہ آگ ہمارے دوست نے لگائی یا یہ سوچ کر نظرانداز کر دے کہ آگ لگانے والا ہمارا کلمہ گو بھائی، لیکن سب سے زیادہ افسوناک بات جو ہوئی وہ یہ کہ ہم نے ’’میں نہ مانوں‘‘ کی ضد میں ریاض کانفرنس کا سب سے اہم یہ پیغام بھی نظر انداز کردیا کہ Together we Prevail، بلاشبہ آج ٹو گیدر وی پرویل عالمی سطح پر بھی اور ملکی سطح پر بھی اور بے شک ٹوگیدر وی پریویل بیرونی محاذ پر بھی اور اندرونی محاذ پر بھی ، یقین جانیے جتنی مسلم امہ کو اتحاد اور اتفاق کی آج ضرورت ،اتنی کل نہ تھی ،لہٰذا ابھی بھی وقت کہ باتیں بنانے،کیڑے نکالنے اور سازشی تھیوریوں پر وقت اور طاقت ضائع کرنے کی بجائے سب مل کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کوجڑ سے اکھاڑپھینکیں ،مگر یاد رہے کہ مل کر اور یکجا ہو کر کیونکہ Together we Prevail۔



.
تازہ ترین