• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلجیم میں عیدالفطر روایتی جوش و خروش سے منائی گئی

برسلز (عظیم ڈار) بلجیم میں بسنے والی مسلم کمیونٹی نے سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات اور دیگر مسلمان ممالک کے ساتھ مل کر عید منائی۔ برسلز میں پاکستانی مساجد میں کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نماز عید دو دو دفعہ پڑھائی گئی۔جامعہ مسجد مدینۃ الرسولﷺ کے امام و خطیب حضرت علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری نے خطبہ عید کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے عالم اسلام کو اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل باہمی اخوت، بھائی چارے اور یگانگت میں ہے۔ مسجد العابدین برسلز کے امام و خطیب حضرت مولانا انصر نورانی نے کہا کہ آج یوم عید ہے اور ساتھ ہی یوم و عید بھی ہے۔ یوم عید ان کے لئے جن کی نمازوں اور روزوں کو اللہ تبارک تعالیٰ نے قبول فرما لیا ہے اور یوم وعید ان کے لئے جن کی نمازوں اور روزوں کو قبول نہیں کیا گیا۔جامعہ مسجد نور الحرم کے امام و خطیب مولانا عبداللطیف چشتی نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت پریشانی کے عالم میں ہے اور پریشانی کی تدارک کرنے کے لئے ہمیں اجتماعی معافی مانگنے کی ضرورت ہے تاکہ اللہ تعالیٰ کو راضی کیا جا سکے۔جامعہ اسلامیہ برسلزکے علامہ حسنات احمد مرتضیٰ نے خطبہ عید میں تلقین کی کہ ہمیں عاجزی و انکساری کے ساتھ رہتے ہوئے اسلامی اقدار کو زندہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ شالروا میں واقع مسجد سکینہ کے امام و خطیب علامہ قاضی انصر محمود چشتی نے کاہ کہ عید کا دن خوشی کا دن ہے اور عید کے مبارک موقع پر اللہ کی رحمت اپنے بندوں پر چھما چھم برتی ہے اور آج کے دن اللہ سبحانہ تعالیٰ گناہگار بندوں کی بخشش فرمائے گا۔ عیدالفطر کے موقع پر تمام مساجد کھچا کھچ نمازیوں کے ساتھ بھری ہوئی تھیں۔ برسلز اور اس کے مضامات میں آباد کمیونٹی کے لوگووں نے ایک دوسرے کو بغل گیر ہو کر عید کی مبارک باد دی۔

تازہ ترین