• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں احتساب کا عمل پوری ذمہ داری کے ساتھ جاری رہنا چاہئے، پی پی رہنما

بولٹن(نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے سابق چیف آرگنائزر حاجی گلزار خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں احتساب کا عمل پوری طاقت اور ذمہ داری کے ساتھ جاری رہنا چاہئے اور یہ صرف کسی ایک جماعت یا طبقے تک محدود نہیں ہونا چاہئے، سرکاری خزانے اور ملکی ذرائع کوذاتی مفادات کیلئے غلط طریقے سے استعمال کرنے والوں کو عدالت کی طرف سے سخت سزائیں ملنی چاہئیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے حوالے سے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں کہا عدالت کو چاہئے کہ وہ پاکستان کی سیاست سے ہر قسم کی کرپشن، خاندانی سیاست، لوٹ مار اور خاص طور پر قومی سرمائے کو ناجائز طریقے سے استعمال کرنے والوں کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے بند کرے اور عدالت اس بات کا بھی تعین کرے کہ پاکستان میں صرف ایسی حکومت ہی کامیابی کے ساتھ چل سکے گی جس میں دیانتدارانہ ذمہ دارانہ اور باکردارلوگ ہی منتخب ہوکر اسمبلیوں میں پہنچیں گے، انہوں نے کہا وقت آگیا ہے کہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والوں کا محاسبہ کیاجائے۔ پیپلز پارٹی برطانیہ کے سابق ریکارڈ سیکرٹری نصراللہ مغل نے کہا کہ بد قسمتی سے حکمرانوں نے قومی سرمائے کو ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی پر صرف کرنے کی بجائے منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک اپنے خاندانی محلات بنانے اورکاروبار کرنے پرصرف کیا جس سے آج انہیں سپریم کورٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انہوں نے کہا حکومتی کردار نے نہ صرف اندرون بلکہ بیرون ملک آبادپاکستان کے عوام کو اس قدر مایوس کیا ہے کہ اب وہ کسی ایسی جمہوریت کو برداشت نہیں کرسکتے جس سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میںپھر سے بد عنوان لوگ منتخب ہوکر قومی سرمائے کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کریں۔

سپریم کورٹ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے، بولٹن کے سابق صدر چوہدری ندیم اقبال سمیلہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے گھر اپنے کاروبار اوردیگر مفادات کو تحفظ دینے کیلئے قومی خزانے کو جس طریقے سے استعمال کیا اس پر سپریم کورٹ کو چاہئے کہ وہ ایسا تاریخی فیصلہ کرے جس سے کرپشن کرنے والوں کو اپنی اصلی حقیقت معلوم ہوجائے۔ پیپلزپارٹی بولٹن کے سابق سینئر نائب صدر چوہدری شہباز احمدکھوجہ نے کہا کہ سپریم کورٹ میں چلنے والے مقدمہ کے بعد اب کوئی شک نہیں رہ گیا کہ حکمرانوں کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے قوم بیدار ہوچکی ہے۔

سابق سرپرست اعلیٰ حاجی ناصر محمود شیر نے کہا سپریم کورٹ کو ایسا تاریخی فیصلہ کرنا چاہئے جس سے ملک میں کرپشن بد دیانتی کا ہمیشہ ہمیشہ کیلئے صفایا ہو جائے تاکہ پاکستان70سال کے بعد ایک ترقی یافتہ سمت کی جانب گامزن ہوسکے۔ اجلاس سے سابق نائب صدر چوہدری محمد اسلم اور عظمت خان نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین