• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمراں جماعت متوقع تبدیلی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی، شیخ ماجد

برسلز (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف بلجیم کے چیئرمین شیخ ماجد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ JIT کی رپورٹ کے بعد پاکستان کے سیاسی حالات میں متوقع بڑی تبدیلی سے حکمراں جماعت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو چاہئے کہ وہ بیان بازی اور کیچڑ اچھالنے والی سیاست کی بجائے JIT کی رپورٹ پر پوری قوم کو جواب دے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست میں یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ اقتدار میں بیٹھے وزراء دوسروں پر کیچڑ اچھالتے ہیں لیکن ملک کے اقتصادی ڈھانچے کو مضبوط اور عوام کی فلاح کے لئے کسی بھی حکمران نے مثبت اقدام نہیں اٹھائے۔

شیخ ماجد نے کہا کہ عمران خان نے موجودہ حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف آواز اٹھا کر پاکستانی عوام کو بیدار کیا کہ آپ کے ووٹ کی طاقت سے ملک پر حکمرانی کرنے والے آپ کے ہی حقوق پر ڈاکے ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتخابات میں رشتہ داری، تعلق داری اور گروپنگ کی سیاست سے بالاتر ہو کر اہل قیادت کو ووٹ دے کرپاکستان کی قیادت سونپیں تاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی سال کے دوران حکمرانوں نے جمہوریت کے نام پر اپنی ہی تجوریوں کو بھرا اور غریب عوام کو بنیادی سہولیات تک سے محروم رکھتے ہوئے انہیں نعرہ مارنے والی سیاست کے گرداب میں پھنسا کر حکمرانی کا کھیل کھیلا۔ ایسے کڑے حالات میں تحریک انصاف نے کرپشن کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے قوم کے اندر شعور بیدار کیا اور انہیں ترغیب دی کہ وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ وہ پاکستان کی ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہو جائیں۔

تازہ ترین