• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی  (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں  بھنگڑا ، جیالوں کے نعرے،تفصیلات کے مطابق اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی کی ہدایت پر پیر کو پیپلز پارٹی کے نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی سعید غنی کی حلف برداری کے موقع پر پی پی کے سیکڑوں کارکنوں کو بڑی فراخدلی کے ساتھ اسمبلی بلڈنگ میں داخلہ کے لئے وزیٹرز پاس جاری کئے گئے۔ اسمبلی آنے والے جیالوں کی اکثریت سعید غنی کے حلقہ انتخاب سے تعلق رکھتی تھی۔

جیالے مختلف گاڑیوں میں سوار ہوکر اسمبلی بلڈنگ پہنچے تھے۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں کی بڑی تعداد میں آمد کے باعث اسمبلی اسٹاف کو انہیں جانچ پڑتال اور ضابطے کی کارروائی مکمل کرکے اندر جانے کی اجازت دینے کے سلسلے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بھی مشکلات کا سامنا رہا۔

سعید غنی کی حلف برداری کا منظر دیکھنے کیلئے خواتین ورکرز سمیت بہت سے جیالوں نے پریس گیلری کی نشستوں پر بھی قبضہ جمالیا۔ حلف برداری کے موقع پر جیالے مسلسل پیپلز پارٹی کی حمایت میں نعرے لگاتے اور بھنگڑا ڈالتے رہے۔ 

تازہ ترین