• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھوٹے سیاستدانوں نے ہر موقع پر بہتان تراشی کی، شہباز شریف

لاہو،راولپنڈی (صباح نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جھوٹ پر مبنی منفی سیاست سچ کے سامنے دم توڑ چکی ہے اور وہ اپنی دم توڑتی سیاست کو جھوٹ کا سہارا لے کر دوبارہ زندہ کرنے کی نا کام کوشش کررہے ہیں۔ عالمی ریکارڈ یافتہ جھوٹے سیاستدان نے ہر موقع پر بہتان تراشی کا سہارا لیا، بے بنیاد الزامات اور جھوٹ پر بھروسہ کرنے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں،وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک میں شفافیت اور تیز رفتاری سے منصوبے مکمل کرنے کے نئے ریکارڈ بنے ہیں۔لاہور سے جاری بیان میں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ جھوٹ کا سہارا عالمی ریکارڈ یافتہ جھوٹے سیاستدان کی دم توڑتی سیاست کو دوبارہ زندہ نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے عوام کی بے لوث خدمت کی ہے، ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے بچائے گئے ہیں، جبکہ وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ملک میں شفافیت اور تیز رفتاری سے منصوبے مکمل کرنے کے نئے ریکارڈ بنے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ(ن)کے دور اقتدار میں جتنا کام ہورہا ہے کسی پارٹی کے دوراقتدار میں نہیں ہوا۔شہبازشریف نے کہا کہ ملکی تاریخ کی شفاف ترین قیادت پر بے بنیاد الزامات لگانے والے عوام کو گمراہ نہیں کرسکتے۔دریں اثنا شہبازشریف سے گورنر اسٹیٹ بینک نے ملاقات کی ہے اور ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔

اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں معاشی سرگرمیاں تیز ہوئی ہیں اور رکاوٹوں کےباوجود ملکی معیشت مستحکم ہوئی ہے جب کہ عالمی ادارےبھی پاکستان میں مستحکم ہوتی معیشت کا اعتراف کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ معیشت کی مضبوطی کے لیے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے۔

تازہ ترین