لاہور(خبرنگارخصوصی)پنجاب بار کونسل لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں لاہور ہائیکورٹ کے سینئر جج سے ناروا سلوک کرنے والے لاہور ہائیکورٹ بار ملتان کے صدر شیر زمان قریشی کے خلاف کوئی کارروائی نہ کر سکی ۔بار کونسل کے نمائندوں نے لاہور ہائیکورٹ کے 5 رکنی فل بنچ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ بار کونسل 12 اگست کو شیر زمان کے خلاف خود کارروائی کرے گی۔ اس یقین دہانی پر لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے کیس پر کارروائی 21 اگست تک ملتوی کر دی تھی پنجاب بار کونسل کے رکن سید فرہاد شاہ نے بتایا کہ 16 اگست کو اس معاملہ کے حل کیلئے جنوبی پنجاب کے وکلاء کا نمائندہ کنونشن طلب کیا ہے جس میں اس حوالہ سے فیصلہ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ کو استدعا کی تھی کہ عدالت شیر زمان وغیرہ کے خلاف معاملہ کارروائی کیلئے بار کونسل کی ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوا دے تاکہ بار کونسل خود کارروائی کرے ،یہ نہیں ہو سکتا کہ ہائیکورٹ بھی کارروائی کرے اور بار کونسل بھی کارروائی کرے۔انھوں نے کہا کہ 16 اگست کو پنجاب بار کونسل میں جنوبی پنجاب کے وکلا کے کنونشن میں اس بارے فیصلہ کیا جائے گا۔