• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفارتخانہ پاکستان اوسلوکے زیر اہتمام یوم آزادی کی رنگارنگ تقریب

اوسلو(نیوزڈیسک)پاکستان کے70ویں یوم آزادی کے سلسلے میں سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام ایک رنگارنگ تقریب ایکے بَرگ پارک کے پرفضا مقام پر منعقد کی گئی۔جس میں ہزاروں کی تعداد میں نارویجن پاکستانیوں نے بھرپور شرکت کی۔ ناروے کی تاریخ میں پہلی بار نارویجن پاکستانی تنظیموں نے سفارتخانہ پاکستان کے ساتھ مل کر ایک تقریب منعقد کی جس میں حاضرین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ یوم آزادی کی تقریب سے قبل بچوں کی ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے بچوں کے ہمراہ شرکت کی جبکہ ریلی کی قیادت سفیر پاکستان رفعت مسعود، نارویجن وفاقی وزراء اور دیگر سیاستدانوں نے کی۔ریلی میں لوگ پاکستان اور ناروے کے جھنڈوں کو ہاتھوں میں اٹھائے پاکستان اور ناروے زندہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے۔

تقریب کا آغازقاری محمود الحسن گولڑوی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ پاکستانی ملبوسات میں شریک بچوں نے پاکستان اور ناروے کا قومی ترانہ اور ملی نغمے پیش کیے۔ سفارتخانہ پاکستان کے فرسٹ سیکریڑی ابرار خان نے صدر پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے۔ سفیر پاکستان رفعت مسعود نے تمام حاضرین کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی اور اپنے خطاب میں خواتین و حضرات اور بچوں کی بھرپور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے تمام پاکستانی تنظیموں اور افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے یوم پاکستان کی تاریخ ساز تقریب منعقد کرنے پر بھرپور تعاون کیا۔ نارویجن وفاقی وزیر منسٹر آف لوکل گورنمنٹ Jan Tore Sanner، گورننگ میئر آف اوسلو Raymond Johansen، ممبر قومی اسمبلی مدثر کپور، عابد راجہ، عائشہ ناز، لیبر پارٹی کی جنرل سیکریڑی Kjersti Stenseng اور دیگر نے تقریب سے خطاب کیا اور پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد دی اور ناروے کی ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو خوب سراہا۔ تقریب کے آخر پر پاکستان کے پاپ سنگر شہزاد رائے نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

تازہ ترین